امام خمینی (رح) کی برسی کے اجتماع سے رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

Rate this item
(0 votes)
امام خمینی (رح) کی برسی کے اجتماع سے رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حضرت امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی خواہش و آرزو کے مطابق ایران کا اسلامی جمہوری نظام روز بروز ترقی کرتا جا رہا ہے اور دشمنوں کو اپنے منصوبوں میں ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

رہبرانقلاب اسلامی نے بانی انقلاب اسلامی کی انتیسویں برسی کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور فرمایا کہ امام خمینی رح عظمتوں کی بلندی پر فائز تھے اور آپ نے ڈھائی ہزار سالہ ظالم و مورثی شاہی حکومت کا خاتمہ کر دیا اور اسلامی انقلاب کو کمزور کرنے کی  امریکا کی سبھی سازشوں کو ناکام بنا دیا اور حتی مسلط کردہ جنگ کے منصوبوں کو بھی نقش برآب کر دیا-

آپ نے مسئلہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی قوم ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اس سال کاعالمی یوم القدس ماضی سے کہیں زیادہ پرشکوہ انداز میں منایا جائے گا ۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ گذشتہ تیس برسوں سے ایرانی عوام حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کو یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور وہ ہمیشہ اپنے رہبر کبیر کو یاد کرتے رہیں گے کیونکہ امام خمینی انقلاب کی علامت ہیں اور یہ ملک انقلاب جیسی قوت محرکہ کے بغیر اپنے اہداف اور بلند آرزوؤں کو حاصل نہیں کر پائے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے حضرت امام خمینی کے ایمان و یقین کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود امام خمینی کے موقف میں ذرہ برابر بھی تبدیلی نہیں آئی-

آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے فرمایا کہ امام خمینی رح کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ آپ نے اسلامی نظام کو استحکام بخشا اور ان کی بہت سی خواہشیں اور آرزوئیں ان کی رحلت کے بعد پوری ہوئیں جن میں ملک کی خود اعتمادی و خود کفالت، تعلیم اور مختلف میدانوں میں ایران کی ترقی و پیشرفت اور مغربی ایشیا اور شمالی افریقا جیسے وسیع و عریض علاقے میں ایران کا اثر و رسوخ شامل ہے-

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی نظام سے دشمن کی عداوتوں اور ناراضگی کی وجہ یہی ہے کہ اسلامی نظام دشمنوں کے مقابلے میں پوری طرح سے ڈٹا ہوا ہے-

آپ نے ملک میں ایٹمی توانائی کے میدان میں حاصل ہونے والی پیشرفت کو ایران کے لئے باعث فخر قرار دیا اور اس راہ میں دشمنوں کی جانب سے کھڑی کی گئیں رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ جب ہمیں مریضوں کے علاج کے لئے بیس فیصد افزودہ یورینیم اغیار سے حاصل کرنا ہوا تو انہوں نے ہمارے سامنے طرح طرح کی شرطیں عائد کر دیں اور اس صورت حال سے غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، ایسے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے باصلاحیت سائنسدانوں اور نوجوانوں پر بھروسہ کر کے خود ملک کے اندر یورینیم کو بیس فیصد تک افزودہ کیا-

رہبر انقلاب اسلامی نے ایرانی سائنسدانوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمن نے ایرانی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگانے کے لئے یہ پروپیگنڈہ کرنا شروع کر دیا کہ یہ صلاحیتیں علاقے میں کشیدگی کا باعث بن رہی ہیں جبکہ یہ توانائیاں خالصتا ترقی و پیشرفت کی ضامن ہیں-

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کی میزائل توانائی کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی عوام نے ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کر کے خود کو علاقے میں میزائل توانائی کے میدان میں سب سے اوپر کر لیا ہے اور دشمن کو اس بات کا یقین ہو گیا ہے کہ اگر وہ ایک مارے گا تو دس کھائے گا-

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کی میزائلی توانائی پوری طرح دفاعی نوعیت کی ہے- آپ نے عالمی سطح پر اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے انصاف پسندی کی آواز بلند کئے جانے کو ایران کی عزت و آبرو کا باعث قرار دیا اور فرمایا کہ اگر آج ایران غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں مظلوم فلسطینیوں اور اسی طرح دہشت گرد گرہوں منجملہ داعش کے مقابلے میں علاقے کے ملکوں کی حمایت کر رہا ہے تو یہ پورے خطے کا دفاع ہے اور ساتھ ہی اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے عزت و سربلندی کا باعث ہے-

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ بعض یورپی حکومتیں یہ توقع کر رہی ہیں کہ ایرانی عوام پابندیوں کو بھی تحمل کریں اور ایٹمی سرگرمیوں سے بھی دستبردار ہو جائیں لیکن میں ان حکومتوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں تمہارا یہ خواب پریشان کبھی بھی پورا نہیں ہو سکے گا-

آپ نے فرمایا کہ ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر اس صورت حال کو قبول نہ کیا گیا تو جنگ ہو جائے گی لیکن میں کہتا ہوں کہ ایسا نہیں ہو گا- یہ محض ایک نفسیاتی جنگ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن ابھی تک اپنے ہر منصوبے میں ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی ناکام رہے گا۔

Read 1098 times