حکومت پاکستان نے 18 بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
پاکستان کی وزارت داخلہ نے 18 این جی اوز کو 60 روز میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے جب کہ 72 انٹرنیشنل این جی اوز پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ملک بدری کا شکار ہونے والی 18 تنظیموں میں سے 9 کا تعلق امریکا، 3 کا برطانیہ اور دو کا ہالینڈ سے ہے جب کہ آئرلینڈ، ڈنمارک، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کی ایک ایک تنظیم بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے 141 این جی اوز کو پاکستان میں کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے جن میں 66 غیر ملکی این جی اوز بھی شامل ہیں۔72 این جی اوز کے کاغذات کو نامکمل قرار دے کر انہیں کاغذات مکمل کرنے کیلئے مہلت دی گئی ہے۔
68 انٹرنیشنل این جی اوز نے پاکستان کے قواعد وضوابط تسلیم کرلیے ہیں جس کے تحت انہیں وزارت داخلہ کی آڈٹ فرمز سے سالانہ آڈٹ کرانا ہوگا۔ ان تنظیموں نے وزارت داخلہ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کردیے ہیں۔
ملک بدر کی جانے والے این جی اوز کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ فلاح و بہبود کے نام پر ملک دشمن کارروائیاں کرتی پائی گئیں۔ انہوں نے حساس مقامات کے قریب مذموم مقاصد کے لیے دفاتر قائم کئے، سروے کا لبادہ اوڑھ کر ملک دشمن ایجنسیوں کے لیے معلومات اکٹھی کیں، جبکہ پاکستانی اقدار کو خراب کرنے کی بھی کوشش کی۔