جمہوریہ ایران کے انقلابی گارڈز سپاہِ پاسداران نے عراقی سرکاری افواج کی اہم ترین رکن اسلامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے فوجی مراکز پر ہونے والے امریکی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ تہران سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جارح دہشتگرد امریکی فورسز کیطرف سے حشد الشعبی کے فوجی مراکز پر ہونے والے ہوائی حملے، جو عراقی عوامی اسلامی مزاحمتی محاذ کے مجاہدین کی ایک بڑی تعداد کے شہید و زخمی ہو جانے کا سبب بنا ہے، عراق کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقوعے نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ خطے میں ناامنی، ہرج و مرج، افراتفری اور جنگی جنون کی اصلی جڑ خود امریکہ ہے۔
سپاہ پاسداران کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ حشد الشعبی، اسلامی مزاحمتی محاذ کی مقدس اور اصلی ترین فورسز میں سے ایک ہے، داعش اور تکفیری دہشتگردی کیخلاف جس کی لازوال اور فیصلہ کن دلیری کو عراقی عوام نہ صرف کبھی بھول نہیں پائیں گے بلکہ عراقی عوام اپنی سرزمین پر موجود ناامنی اور غیر ملکی طاقتوں کیساتھ مقابلے میں اسی کو اپنے لئے نمونۂ عمل بھی سمجھتے ہیں۔ سپاہ پاسداران کے اس بیان میں دہشتگرد امریکی فورسز کیطرف سے انجام دیئے گئے اس جارحانہ و مجرمانہ اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے اور حشد الشعبی کے غیور و دلیر مجاہدین کی شہادت پر اعلیٰ دینی مرجعیت، مظلوم عوام، عراقی حکومت اور عوامی اسلامی مزاحمتی فورسز کے کمانڈرز کو تسلیت بھی پیش کی گئی ہے۔
سپاہ پاسداران کیطرف سے جاری ہونے والے اس بیان میں عراق سے دہشتگرد و جارح امریکی فورسز کے نکال باہر کئے جانے کو عراقی اندرونی استحکام کی ضمانت قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کوئی بھی آزاد و خود مختار قوم اپنے سپوتوں کو غیروں کی جارحیت اور سفاکیت کی بھینٹ چڑھتے نہیں دیکھ سکتی اور یہی وجہ ہے کہ غیور عراقی عوام اور تمام میدانوں کی فاتح حشد الشعبی تمامتر بین الاقوامی قوانین کی رو سے امریکہ کے اس مجرمانہ اقدام کا بھرپور جواب دینے اور اپنا انتقام چکانے کا پورا حق رکھتی ہے۔ اس بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی قاتل غاصب صیہونی رژیم اسرائیل، شیطانِ بزرگ دہشتگرد امریکہ کے اس مجرمانہ اقدام پر خوشیاں نہ منائے کیونکہ اب عظیم اسلامی امت، مزاحمتی محاذوں پر اپنے جوانوں کی قیمت سے بخوبی آشنا ہوچکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پوری امتِ مسلمہ اپنے صیہونی مخالف مقدس ارادے کو عنقریب ایک عظیم عملی اقدام میں بدلنے والی ہے۔
خطے میں ناامنی اور جنگی جنون کی اصلی جڑ امریکہ ہے، سپاہ پاسداران
Published in
مقالے اور سیاسی تجزیئے