ابو مہدی المہندس کون تھے؟

Rate this item
(1 Vote)
ابو مہدی المہندس کون تھے؟

تحریر: سید حسن بخاری

مہندس فارسی میں انجینئر کو کہتے ہیں۔ انہوں نے بغداد کے پولی ٹیکنیک کالج سے سول انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور اسی سبب وہ مہندس یعنی انجینئر کے نام سے معروف تھے۔ ابو مہدی ان کا لقب تھا۔ ان کا اصل نام جمال جعفر محمد اور ان کا خاندانی نام آل ابراہیم تھا۔ یوں ان کا مکمل نام جمال جعفر محمد آل ابراہیم المعروف ابو مہدی مہندس ہے۔ وہ عراقی شہری تھے اور ایران میں انہیں جمال ابراہیمی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ گذشتہ ماہ بغداد ایئرپورٹ پر امریکی ڈرون حملے میں اسلامی مزاحمت کے اہم قائدین شہید ہونے کے بعد شہید قاسم سلیمانی کے زندگی نامے سمیت ان کی شخصیت کی خصوصیات اور ان کی جدوجہد کے حوالے سے خاطر خواہ لٹریچر اردو زبان میں سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر دیکھنے کو ملا ہے، لیکن اس دوران ابو مہدی المہندس کے زندگی نامے اور ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے اردو لٹریچر کی کمی محسوس ہوئی ہے۔ اب جب شہدائے مزاحمت کا چہلم نزدیک ہے تو اس مضمون کے ذریعے ہم شہید ابو مہدی کی زندگی کا ایک مختصر تعارف، ان کی مزاحمتی فکر اور چار عشروں پر مشتمل جدوجہد کے چند گوشے قارئین کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

یوں تو ان کے اجمالی تعارف کے لیے ان کے اس انٹرویو جو ان کی شہادت کے بعد وائرل ہوا، کا وہ ایک جملہ کافی ہے، جس میں وہ خود کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شہید قاسم سلیمانی کا سپاہی قرار دیتے ہیں اور اسی طرح ایک دوسرے ویڈیو انٹرویو میں شہید قاسم سلیمانی خود کو شہید ابو مہدی کا سپاہی قرار دیتے ہیں، لیکن قدرے تفصیلی تعارف کے لیے آج ہم اس مضمون کے ذریعے آپ احباب سے مخاطب ہو رہے ہیں۔ ایک اور ویڈیو انٹرویو میں شہید ابو مہدی لبنان کی مزاحمتی تحریک کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کو اپنا قائد اور آئیڈیل قرار دیتے ہیں۔ شہید ابو مہدی اس انٹرویو میں کہتے ہیں کہ وہ سید حسن نصر اللہ کی قیادت میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں مزاحمت سے انتہائی متاثر ہیں اور وہ عراق میں امریکی سامراج کے مقابلے میں حزب اللہ لبنان طرز کی مزاحمت وجود میں لانا چاہتے ہیں۔

شہید ابو مہدی نے اسلامی مزاحمت کے ساتھ اپنے تعلق کو کبھی مخفی نہیں رکھا اور ہمیشہ خود کو اسلامی مزاحمت کا ایک حصہ اور ادنیٰ سپاہی قرار دیا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی شہادت کے بعد یروشلم پوسٹ نے بھی اپنے ایک مضمون میں انہیں شہید قاسم سلیمانی اور سید حسن نصر اللہ کا ہم خیال اور ابو مہدی کو انہی کے خاندان کا فرد قرار دیا تھا۔ ابو مہدی کا نظامِ ولایت کے زیر سایہ وجود میں آنے والی اسلامی مزاحمت سے گہرا تعلق ان کے لیے افتخار تھا، جس کا اظہار انہوں نے خود اپنے ویڈیو انٹرویو میں کیا تھا۔ شہید ابو مہدی کے بقول عراقی قوم بالخصوص اور خطے کی اقوام کا بالعموم اصل دشمن امریکہ ہے اور وہ خطے سے مکمل امریکی انخلا تک امریکہ کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ شہادت کے وقت ابو مہدی حشد الشعبی کے نائب سربراہ تھے۔ حشد الشعبی کم و بیش 40 عراقی مزاحمتی گروہوں پر مشتمل ایک عسکری اتحاد ہے، جو  2014ء میں عراق پر داعش کے قبضے کے بعد وجود میں آیا۔ ایک لاکھ باقاعدہ اور دو لاکھ ریزرو فوج کا حامل یہ عسکری اتحاد (حشد الشعبی) 2014ء میں عراق کی دینی مرجعیت کے حکم پر وجود میں آیا۔

2017ء میں پارلیمانی قرارداد اور حکومتی آرڈر کے تحت حشد الشعبی کو عراق کی دیگر مسلح افواج کی طرح سرکاری پیرا ملٹری فوج کا درجہ دے دیا گیا، جس کی آئینی کمان عراقی وزیراعظم کے پاس ہے۔ یوں شہید ابو مہدی عراق کے ایک سرکاری عہدیدار بھی تھے اور امریکہ نے صرف کسی رضاکار غیر سرکاری مسلح گروہ یا اتحاد کے کسی کمانڈر کو نہیں بلکہ عراق کی سرکاری پیراملٹری فوج کے نائب سربراہ کو شہید کیا ہے اور ایک ایسے ملک کے کمانڈر کو قتل کرنا، جس ملک کے ساتھ آپ حالتِ جنگ میں نہ ہوں، خود سے جنگی جرم محسوب ہوتا ہے۔ شہید ابو مہدی 1953ء میں عراق کے شہر بصرہ میں پیدا ہوئے۔ شہریت کے لحاظ سے ان کی والدہ ایرانی جبکہ ان کے والد عراقی تھے۔ 1977ء میں انہوں نے بغداد کے پولی ٹیکنیک کالج سے سول انجینرنگ میں ڈگری مکمل کی۔ 60 کی دہائی میں عراق میں دینی مرجعیت خصوصاً آیت اللہ محمد باقر الصدر کی قیادت میں حزب الدعوۃ الاسلامیہ کی بنیاد رکھی گئی۔ حزب الدعوۃ الاسلامیہ عرب دنیا میں عرب قوم پرستی کے مقابلے میں اخوان المسلمین کے بعد دوسری اسلامی تحریک تھی، جو عرب دنیا کے مسائل کو اسلامی تناظر میں دیکھتی تھیں۔

شہید محمد باقر الصدر کے نزدیک اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جس کا سیاسی، معاشی، اخلاقی اور سماجی نظام عرب دنیا سمیت عالم اسلام کے مسائل کا واحد حل ہے۔ شہید ابو مہدی نے اپنی سماجی فعالیت کا آغاز شہید محمد باقر الصدر کی قیادت میں تشکیل پانے والی اس اسلامی تحریک میں شمولیت کے ساتھ کیا اور یہ اس وقت کی بات ہے، جب آپ بغداد میں زیر تعلیم تھے۔ 80 کی دہائی میں عراق پر حاکم بعث پارٹی نے جب حزب الدعوۃ الاسلامیہ کے عوام میں اثر و رسوخ سے خائف ہو کر عرب دنیا کی اس اہم اسلامی تحریک کو سرکوب کرنے کی ٹھانی اور حزب الدعوہ کی قیادت کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا تو پہلے مرحلے میں حزب الدعوہ کی قیادت کو گرفتار کرکے پھانسی دے دی‌ گئی۔ 1975ء میں حزب الدعوۃ الاسلامیه کے درجنوں قائدین کو سزائے موت دے دی گئی۔ دوسرے مرحلے میں حزب الدعوہ کے کارکنوں کو پکڑ کر عقوبت خانوں میں بند کیا اور تختہ دار پر لٹکایا جانے لگا۔ شہید ابو مہدی اس زمانے کے بارے میں کہتے ہیں 1980ء تک حزب الدعوۃ الاسلامیہ سے وابستہ میرے 95 فیصد دوستوں کو سزائے موت ہوچکی تھی

1980ء‌ میں جب بعثی رجیم نے محمد باقر الصدر کو ان کے گھر سے گرفتار کرکے شہید کر دیا تو شہید ابو مہدی مہندس عراق سے کویت چلے گئے، جہاں انہوں نے اسلامی مزاحمت کے عظیم کردار شہید مصطفیٰ بدرالدین کے ساتھ ملکر ظلم و استبداد کے خلاف جدوجہد کا نئے سرے سے آغاز کیا۔ کویت میں قائم امریکی اور فرانسوی سفارت خانوں پر بمب حملے ہوئے تو کویت میں مقیم مصطفیٰ بدرالدین سمیت متعدد عراقی مہاجرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ شہید ابو مہدی کویت سے ایران منتقل ہوگئے۔ بعدازاں ایک کویتی عدالت نے شہید ابو مہدی کی غیر موجودگی میں انہیں ان سفارت خانوں پر حملے کے الزام میں سزائے موت بھی سنائی تھی، جس کے بارے خود شہید ابو مہدی کا کہنا ہے کہ وہ کویتی سرزمین پر امریکہ مخالف کسی مسلح کارروائی میں ہرگز شریک نہیں تھے۔ ایران میں قیام کے دوران شہید ابو مہدی نے اعلیٰ تعلیم مکمل کر لی۔ انہوں نے بین الاقوامی تعلقات میں پہلے ایم فل تو بعدازاں پی ایچ ڈی مکمل کی۔

پی ایچ ڈی ڈاکٹر بن جانے کے باوجود شہید ابو مہدی کو تا دمِ شہادت انجینئر (مہندس) کے لقب سے ہی جانا جاتا رہا۔ ایران میں قیام کے دوران شہید ابو مہدی ایران میں مقیم عراقی حریت پسندوں کی اہم سیاسی جماعت مجلس اعلاء کے رکن بھی رہے۔ مجلس اعلاء نے بعد میں عراقی سیاست میں بہت بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ نوے کی دہائی میں عراق میں بعثی رجیم کے مظالم کے خلاف مزاحمت کی غرض سے مسلح جدوجہد وجود میں آئی تو شہید ابو مہدی البدر کے رہنما کے طور پر سامنے آئے۔ شہید ابو مہدی بھی عراق کے متعدد دیگر مزاحمتی اور سیاسی رہنماؤں کی طرح عراق میں صدام کے سقوط کے بعد عراق واپس پلٹے تو شہید ابو مہدی نے نئی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا۔ 2003ء میں عراق واپس جاتے ہی شہید ابو مہدی نے خود کو البدر سے علیحدہ کرکے کتائب حزب اللہ کی بنیاد رکھی۔ شہید ابو مہدی 2005ء میں عراقی صوبے بابل سے پارلیمنٹ کے رکن بھی منتخب ہوئے، لیکن بعدازاں امریکہ کی جانب سے پابندیوں کے سبب انہیں پارلیمانی نشست سے استعفیٰ دے کر عراق ترک کرکے ایک دفعہ دوبارہ ایران آنا پڑا۔

2011ء میں شہید ابو مہدی دوبارہ عراق گئے اور سیاسی فعالیت کو ازسرنو شروع کیا۔ ان کی قیادت میں بننے والا سیاسی اتحاد الوطنی آج بھی عراقی پارلیمان کا ایک اہم اتحاد ہے۔ 2014ء میں داعش نے عراق کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تو عراق کی دینی مرجعیت آیت اللہ سیستانی کے حکم پر عوامی رضاکار فورس وجود میں آئی۔ اس فورس کی تشکیل میں شہید ابو مہدی اور ان کی مزاحمتی تحریک کتائب حزب اللہ کا کردار انتہائی اہم تھا۔ کتائب حزب اللہ نے حشد الشعبی کی 45ویں اور 46ویں بریگیڈ کی تشکیل کو مکمل کیا جبکہ 47ویں بریگیڈ میں بھی ایک بڑا حصہ کتائب کی افرادی قوت کا ہے۔ داعش کے خلاف جہاد شہید ابو مہدی کی چار عشروں پر محیط جہادی زندگی کا ایک نیا دور تھا۔ وہ حشد الشعبی کے نائب سربراہ بنائے گئے، لیکن ان کا کنٹرول روم بغداد کے کسی محفوظ اور پوش علاقے کا کوئی عسکری اڈہ نہیں بلکہ اگلے مورچوں پر کھڑے ٹینک اور مورچے تھا۔ شہید ابو مہدی بطور ایک فوجی جنرل میڈلز اور ستارے سینے پر سجانے کی بجائے اگلے مورچوں پر اپنے سپاہیوں کے ساتھ شانہ بشانے لڑنے کو اپنے لیے بڑا اعزاز سمجھتے تھے۔ سامراء، کاظمین، کربلا اور نجف کے مزاراتِ آل رسول کی حفاظت کے علاؤہ آمرلی، جرف الصخر، اربیل اور موصل کی آزادی کے کامیاب آپریشنز میں بھی شہید ابو مہدی کا بنیادی کردار ہے۔

مئی 2019ء میں اسرائیل نے عراق میں قائم حشد الشعبی کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تو شہید ابو مہدی نے اسرائیل کو جہاں جواب دینے کی بات کی، وہیں امریکی و اسرائیلی جارحیت کے مقابلے کے لیے حشد الشعبی کے فضائی ونگ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور یہ قوی احتمال تھا کہ اگر شہید ابو مہدی کچھ عرصہ مزید زندہ رہتے تو حشد الشعبی کے فضائی ونگ کی تشکیل ان کا ترجیح ایجنڈا ہوتا۔ عراق سمیت پورے خطے سے مکمل امریکی انخلاء، امریکی سامراج اور صہیونی منصوبوں کے مقابلے میں اسلامی مزاحمت کی تقویت شہید ابو مہدی المہندس کی آرزو تھی۔ اس آرزو کی تکمیل کے لیے انہوں نے اسلامی انقلاب اور نظامِ ولایت کے زیر سایہ تشکیل پانے والی اسلامی مزاحمت کے قافلے میں شمولیت اختیار کی۔ خود کو ہمشیہ اسلامی مزاحمت کا ادنیٰ سپاہی قرار دیا اور اس پر فخر محسوس کیا۔ شہید ابو مہدی اپنی آرزو جو خطے کے تمام بے نواؤں کی آرزو ہے؛ کی تکمیل کی خاطر امریکی سامراج اور صہیون ازم کے ساتھ نبرد آزما تھے، جب امریکہ نے انہیں شہید قاسم سلیمانی کے ہمراہ گاڑی میں نشانہ بنایا اور اسلامی مزاحمت کے یہ دو عظیم مجاہد اپنے چند دیگر ساتھیوں کے ساتھ جامِ شہادت نوش کرگئے۔

Read 1393 times