۔۔۔اے گرفتار ابوبکرؓ و علیؑ

Rate this item
(0 votes)
۔۔۔اے گرفتار ابوبکرؓ و علیؑ

ہر صاحب عقل دیکھ رہا ہے کہ وطن عزیز کے اندر پچھلے چند سالوں کے امن و امان کے بعد ایک مرتبہ پھر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں اور باہمی منافرت کی فضا کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، جس کا نتیجہ یقیناً نہ تو اسلام اور مسلمانوں کے حق میں نیک شگون ہے اور نہ ہی مادر وطن کے باسیوں کیلیے اچھا ہے۔ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ آپس کے نظریاتی اختلافات کو برداشت کرنے کی بجائے اسے جھگڑے کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے، حالانکہ کسی بھی انسانی معاشرے میں ایک دوسرے کے مقدسات کو محفوظ رکھتے ہوئے اختلاف رائے رکھنا ایک طبیعی امر سمجھا جاتا ہے۔ ایسے میں بدقسمتی سے بعض لوگ نادانستہ طور پر یا کسی بیرونی دشمن کی ایماء پر ایسے ماحول میں جلتی پر تیل کا رول ادا کرتے نظر آتے ہیں۔

 اس سلسلے میں معروف تجزیہ نگار جناب نذر حافی "ایک اقلیت طاقتور لوگوں کی" کے عنوان سے  اپنی ایک تحریر میں یوں رقمطراز ہیں "پاکستان میں شیعہ اور سنی دونوں ہی کمزور ہیں، یہ اکثریت میں ہونے کے باوجود اتنے کمزور ہیں کہ ان کی قسمت کے فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں۔ یہ دونوں فرقے ایک طاقتور اقلیت کے ہاتھوں یرغمال ہیں، یہ اقلیت نہیں بلکہ ایک پریشر گروپ ہے، یہ پریشر گروپ انہیں آپس میں مل بیٹھنے اور سوچنے کا موقع نہیں دیتا۔" آپ مزید لکھتے ہیں "کہ وہ اقلیت اتنی مضبوط ہے کہ وہ قائد اعظم کو کافر اعظم اور پاکستان کو کافرستان کہہ کر اور آئین پاکستان کا انکار کرنے کے باوجود ہر شعبے کی کلیدی پوسٹوں پر قابض ہے۔"

یہی وجہ ہے کہ وطن عزیز کے کونے کونے میں بالخصوص سوشل میڈیا پر ان دنوں جو مغلظات ایک دوسرے کے خلاف بکے جا رہے ہیں، وہ ناقابل بیان ہیں، مگر خوش قسمتی سے ایسے میں نوجوانوں کے اندر امید کی ایک کرن اس وقت روشن ہوتی  نظر آتی ہے، جب پاکستان کے مختلف مسالک فکر کے صاحبان علم و دانش، ان  مخصوص طبقات کی جانب سے غیروں کے اشارے پر بھڑکائی گئی اس آگ کو اپنے قلم کے ہتھیار کے سہارے بجھانے کیلیے مستعد و کوشاں نظر آتے ہیں۔ ان میں  سرفہرست جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، البصیرہ ٹرسٹ اسلام آباد کے سربراہ سید ثاقب اکبر، جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے مہتمم مفتی گلزار احمد نعیمی اور نامور محقق ڈاکٹر محسن نقوی دامت برکاتھم کا نام لیا جاسکتا ہے، جو باہم دست و گریباں جوانان ملت اسلامیہ کو ہمہ وقت انتشار اور افتراق سے روکتے نظر آتے ہیں۔

ذیل میں مذکورہ بالا شخصیات کی بعض تحریروں کے چند اقتباسات بہ ترتیب پیش کیے دیتا ہوں۔ جناب لیاقت بلوچ صاحب "فروعی اختلافات کو پھر پہاڑ نہ بنایا جائے" کے عنوان سے اپنی ایک تحریر یوں لکھتے ہیں، "اسلامی معاشرے خصوصاً ملت اسلامیہ میں افراط و تفریط پر مبنی اور اعتدال و توازن سے ہٹ کر اختلاف نے تفریق اور باہمی مخاصمت کو بڑھکاوا دیا ہے۔" موصوف مزید آں رقمطراز ہیں، "امت مسلمہ بیرونی دشمنوں کے حملوں کی زد میں تو ہے ہی، لیکن اندرونی اختلافات نے حالات مزید ابتر کر دیئے ہیں۔" اس کے بعد آپ علامہ اقبالؓ کے اس شعر کو کوڈ کرتے ہیں؛
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے
نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر
 
 البصیرہ ٹرسٹ اسلام آباد کے سربراہ سید ثاقب اکبر  "پاکستان میں آر ایس ایس کی  نئی صورت" کے عنوان سے لکھتے ہیں، "پاکستان میں ان دنوں ایک بظاہر مذہبی گروہ ایسی حرکتیں انجام دے رہا ہے کہ یوں لگتا ہے کہ یہ آر ایس ایس کی نئی صورت اور اس کا پاکستانی برانڈ ہے۔ یہ وہی برانڈ ہے جو ہزاروں انسانوں کا خون بہا چکا ہے۔ اس خون آشام گروہ نے اپنے مخالفین کو کافر کافر کہا اور یہ بھی کہا کہ جو ان کے مورد نظر گروہ کو کافر نہ کہے وہ بھی کافر ہے، اس طرح درحقیقت جو اقلیتی گروہ تھا، وہ اپنے خونین خنجروں اور تلواروں کے زور سے اس ملک میں دندناتا رہا۔" آپ مزید رقمطراز ہیں کہ "پھر جب پاکستان کے اداروں اور سیاسی قوتوں نے ملکر ان سے نمٹنے کا فیصلہ کیا تو وہ زیرزمین چلے گئے۔۔۔ افسوس یہ نقاب بہت عارضی ثابت ہوا اور اب پھر ایک مرتبہ اپنے کریہہ اور وحشی چہروں کے ساتھ سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔"

جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے پرنسپل مفتی گلزار احمد نعیمی اپنی ایک  تحریر میں "ان سے بچیں" کے عنوان سے یوں رقمطراز ہیں، "سروں پر دستاریں سجا کے، نورانی شکلیں بنا کر مولا علی کرم اللہ وجھہ کی کسر شان کرنے والے درندہ دھن خارجیوں کی اولاد نہ پہلے آپ کا کچھ بگاڑ سکی اور نہ اب کچھ بگاڑ سکیں گے۔ سادہ لوح مسلمان ان سے بچیں، یہ زہر پر کھانڈ چڑھی ہوتی ہے، پنج تن پاک سے محبت کرنے والے نہ پہلے کم تھے نہ اب کم ہونگے۔" آخر میں لکھتے ہیں، "عاشق تو یہی کہتے ہیں؛
بیدم یہی تو پانچ ہیں مقصود کائنات
خیرالنساء، حسن و حسین، مصطفیٰ، علی

ملک کے نامور محقق ڈاکٹر سید محسن نقوی معروضی حالات کے بارے میں یوں خیالات کا اظہار کرتے ہیں، "متفردات پہ قوموں اور عقائد کے فیصلے کیے گئے تو امت بڑی مشکل میں پڑ جائے گی۔ وہ صحاح ستہ ہوں یا کتب اربعہ، تاریخ کی کتب ہوں یا رجال و تذکروں کی، ان میں ایسی روایات اور متون موجود ہیں جو پاکستان کے قانون، آئین، مذہب اور لا کے تحت قابل دست درازی ہیں، کیا نکالا جائیگا اور رکھا جائے گا۔؟ اپنی ایک دوسری تحریر میں پاکستانی قوم سے محبت اور امن سے رہنے کی تلقین کرتے ہوئے موصوف لکھتے ہیں، "مسلمان بھائیوں سے درخواست ہے کہ دشمن اسلام و دشمن پاکستان سے لڑنے کا وقت کسی بھی لمحہ آسکتا ہے، آپس میں لڑیں گے تو دشمن کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے، متحد رہیں۔" آخر میں اقبال لاہوریؓ کے اس فارسی شعر کے ساتھ رخصتی کا طالب ہوں؛
اے کہ نشناسی خفی را از جلی ھشیار باش
اے گرفتار ابوبکرؓ و علیؑ ھشیار باش

Read 1116 times