صنعاء ایئرپورٹ کی بندش روزانہ 25 مریضوں کی جان لے لیتی ہے، خالد الشایف

Rate this item
(0 votes)
صنعاء ایئرپورٹ کی بندش روزانہ 25 مریضوں کی جان لے لیتی ہے، خالد الشایف

یمنی دارالحکومت صنعاء کی بین الاقوامی ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر خالد بن احمد الشایف نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے صنعاء ایئرپورٹ کی بندش کے باعث روزانہ 25 یمنی مریض جانبحق ہو جاتے ہیں۔ خالد الشایف نے عرب نیوز چینل المسیرہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ عالمی برادری یمنی مریضوں کی بیرون ملک منتقلی کے لئے طبی فلائی اوور کے قیام اور یمن میں دواؤں کی درآمد میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ڈائریکٹر صنعاء ایئرپورٹ نے کہا کہ تاحال 30 ہزار سے زائد یمنی مریض علاج معالجے کے لئے بیرون جانے کے منتظر ہیں کیونکہ 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد یمنی مریض ایسے ہیں جن کا ملک کے اندر علاج ناممکن ہے تاہم جارح سعوی فوجی اتحاد کی جانب سے ملک کے سخت ترین محاصرے کے باعث ان میں سے 25 مریض ہر روز جانبحق ہو جاتے ہیں۔

خالد الشایف نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ عالمی ادارۂ صحت اور اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور کی جانب سے تقریبا 8 ماہ قبل یمنی مریضوں کے لئے میڈیکل فلائی اوور بنانے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ تب سے لے کر آج تک اس نظام کے تحت علاج معالجے کے لئے بیرون ملک جانے والے یمنی مریضوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔ واضح رہے کہ صنعاء کی جانب سے اقوام متحدہ و سلامتی کونسل سے بارہا مطالبہ کیا جا چکا ہے کہ وہ طے شدہ میڈیکل فلائی اوور کے قیام کی خاطر یمن کے ہوائی محاصرے میں نرمی کے لئے جارح سعودی فوجی اتحاد پر دباؤ ڈالے کیونکہ یمنی بین الاقوامی ایئرپورٹ کی بندش، یمن کا ہوائی محاصرہ، یمنی شہریوں کو علاج معالجے کے لئے بیرون ملک نہ جانے دینا اور یمن کے اندر دواؤں سمیت کسی بھی قسم کے طبی سازوسامان کی درآمد پر پابندی انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

Read 702 times