اسرائیل کی غزہ پر 25 منٹ میں 122 مرتبہ بمباری/ اب تک 218 فلسطینی شہید

Rate this item
(0 votes)
اسرائیل کی غزہ پر 25 منٹ میں 122 مرتبہ بمباری/ اب تک 218 فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ اور مجرمانہ فضائی حملوں کا سلسلہ دسویں روزبھی جاری ہے غزہ پر اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں اب تک 218 فلسطینی شہید اور 1508 زخمی ہوگئے ہیں۔ ادھر حماس کے عسکری ونگ کے کمانڈر محمد ضیف کو قتل کرنے کی اسرائیل کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ اسرائیل کے خلاف فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی  شمشیر قدس نامی جوابی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حماس نے اسرائیلی شرائط کے تحت جنگ بندی کی مصری تجویز کو بھی رد کردیا ہے۔

حماس کے سیاسی شعبہ کے رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ حماس کی طرف سے جمعرات سے جنگ بندی پر مبنی خبریں غیر مصدقہ ہیں۔ جنگ بندی کے سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔

فلسطین کے اسپتال ذرائع کے مطابق مغربی پٹی میں اسرائیلی فوجیوں کے حملوں میں 26 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ جبکہ غزہ اسرائیل کی وحشیانہ اور ظالمانہ بمباری کے نتیجے میں 72 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسرائیل کی طرف سے حماس کے بعض اہم رہنماؤں کو شہید کرنے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اسرائیل نے رہائشی عمارتوں کو اپنی بربریت اور جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جبکہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نے بھی جوابی کارروائی میں صہیونیوں کے آرام و سکون کو سلب کرلیا ہے۔

اسرائیلی افواج نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی رہنماں کی جانب سے کی جانے والی اپیلوں و درخواستوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں زمینی و فضائی حملوں حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 218 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔

فلسطینی تنظیموں نے غزہ کے اطراف میں صہیونی علاقوں  پر راکٹ فائر کئے ہیں ۔ عرب ذرائع کے مطابق اسرائیلی افواج نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے میں بھی اب جارحانہ اور پر تشدد کارروائیاں شروع کردی ہیں جس کے باعث متعدد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

Read 503 times