آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام کو مخاطب کرکے فرمایا: اٹھارہ جون کے انتخابات میں بھر پور اور ولولہ انگیز شرکت نے آپ کے قابل فخر کارناموں میں ایک اور باب کا اضافہ کیا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اٹھارہ جون کے انتخابات میں اصل فاتح ایران کے عوام ہیں جو دشمنوں اور بدخواہوں کے زرخرید تشہیراتی اداروں کے پروپیگنڈوں کے مقابلے میں اٹھ کھڑے ہوئے اور ملک کے سیاسی میدان میں اپنی موجودگی کا ثبوت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خداوند علیم و قدیر نے ایرانی عوام کو جو کامیابی عطا فرمائی ہے اور ایران نیز اسلامی جمہوریہ پر جو نظر کرم ڈالی ہے ،اس کے لئے میں بہت زیادہ شکرگزار ہوں اور ایرانی عوام کی قدردانی کرتا ہوں۔
آپ نے حالیہ صدارتی اور دیہی نیز شہری کونسلوں کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے افراد کے بارے میں فرمایا کہ ان حضرات کو جو عظیم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ان پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے صدارتی الیکشن اور بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات میں جیتنے والوں کو مخاطب کرکے فرمایا کہ ایران کے باوفا عوام کی قدر کریں ، اور قانون نے آپ کے لئے جو فرائض معین کئے ہیں، ان کی پابندی کریں ۔