مناسکِ حج کی ادائیگی کے سلسلے میں عازمین آج خیموں کے شہر منیٰ پہنچ رہے ہیں، حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کل ادا کیا جائے گا۔ کل صبح عازمینِ حج منیٰ سے حج کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ ادا کرنے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔ مسجد الحرام سے میدان عرفات اور مزدلفہ کے لیے پیدل روانگی کی اجازت نہیں ہو گی، میدانِ عرفات اور مزدلفہ جانے کے لیے خصوصی بس سروس چلائی جائے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق پیر کو وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گا اور مسجد نمرہ میں خطبۂ حج دیا جائے گا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے محدود عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث صرف 60 ہزار مقامی اور مقیم غیر ملکی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ مسجد الحرام کے تمام دروازوں پر 70 سے زیادہ تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔