امام حسین (ع) کے اصحاب کی نمایاں خصوصیات، حجۃ الاسلام استاد رفیعی

Rate this item
(0 votes)
امام حسین (ع) کے اصحاب کی نمایاں خصوصیات، حجۃ الاسلام استاد رفیعی

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اصفہان/حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے اتوار کی شام اصفہان کے مبلغین کے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران مبلغین سے امسال ایام محرم الحرام میں ملتِ امام حسین علیہ السلام کی خصوصیات بیان کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سورۂ مبارکۂ مؤمنون میں مؤمنین کی خصوصیات بیان ہوئی ہیں،سورۂ مبارکۂ توبہ کے آخر میں شہداء کے لئے 9خصوصیات اور اسی طرح سورۂ مبارکۂ رعد میں عقلمندوں کی خصوصیت بیان ہوئی ہے لہذا ایام عزا میں ان سب پر روشنی ڈالنے کی ضرورت ہے۔

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی اساتذہ انجمن کے رکن نے کہا کہ ان خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں دیکھنا چاہیے کہ عاشورا کے دن اصحاب ابا عبداللہ الحسین (ع) کی کیا خصوصیات تھیں جو امام(ع) پر جانثاری کرنے کے لئے کربلا میں جمع ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے ساتھیوں کی پہلی خصوصیت خدا پرستی ہے۔ اگر انسان خدائی بن جائے تو وہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔ خلوص، ابا عبداللہ الحسین(ع) کے ساتھیوں کی دوسری خصوصیت ہے۔

استاد رفیعی نے کہا کہ شجاعت،ملتِ امام حسین (ع) اور ان کے ساتھیوں کی تیسری خصوصیت ہے؛شجاعت کا مطلب ہے غصے پر قابو پانا،شجاعت کی علامت صداقت ہے۔ایک بہادر اور شجاع آدمی کی زندگی میں خوف کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ولایت مداری،ملتِ امام حسین (ع) کی ایک اور خصوصیت ہے۔حضرت قمر بنی ہاشم (ع) اس کی واضح مثال ہیں، ابو الفضل العباس (ع) نے اپنی زندگی کے دوران کبھی اپنے وجود کا اظہار نہیں کیا،کیونکہ آپ(ع)امام معصوم کے ساتھ تھے۔

استاد حوزہ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عہد و پیمان کی وفاداری،ملتِ امام حسین علیہ السلام کی ایک اور خصوصیت ہے۔عہد کی وفاداری مومن کی نشانی اور عہد کی وفاداری نہ کرنا مشرک کی نشانی ہے۔

آخر میں، استاد رفیعی نے کہا کہ دشمن شناسی،ملتِ امام حسین (ع) اور کے ساتھیوں کی ایک اور خصوصیت ہے اس کے علاوہ ، دشمن کے دھوکے میں نہ آنا اور دشمن کی بے وفائی کو سمجھنا امام کے ساتھیوں کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہے۔

Read 891 times