فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غرب اردن کے مختلف شہروں منجملہ نابلس اور قباطیہ پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی مجاہدین کی بہادری، شجاعت و دلیری کی قدردانی کی۔
تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جبکہ فلسطینی جیالوں نے جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ غاصب صیہونیوں کو سیاسی و سیکیورٹی بحران کا سامنا ہے اور وہ فلسطینیوں کی استقامت کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہں رکھتے۔
اس سے قبل فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت اور ظلم و ستم پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطین کی تحریک استقامت شہدا کا خون ہرگز پایمال نہیں ہونے دے گی۔
واضح رہے کہ آج غرب اردن میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دو فلسطینی شہید اور 9 زخمی ہوئے تھے۔
ستر برسوں سے زائد عرصے سے فلسطین کے مظلوم عوام کے بنیادی اور فطری حقوق کو روندنے پر مصر غاصب صیہونی حکومت اب تک لاتعداد انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کر چکی ہے جس میں قتل و غارت، مکانات کی مسماری، باغات اور زرعی اراضی کی تباہی، ناجائز قبضہ، گرفتاری، ظلم و بربریت، جسمانی ایذائیں، اقتصادی محاصرہ اور دیگر بہت سے اعصاب شکن اقدامات شامل ہیں۔