امریکا کی 60 فیصد آبادی کو موسم سرما کے بدترین اور سرد ترین طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
ریاست مونٹانا، جنوبی ڈکوٹا اور وائیومنگ میں درجہ حرارت منفی 45 تک گر گیا، نیویارک، جارجیا،کینٹکی، اوکلاہوما سمیت کئی امریکی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 19ہوگئی ہے۔
بد ترین برفانی طوفان سے ملک بھر میں 8 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 25 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں، سڑکوں پر پھسلن سے درجنوں گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں، 15 لاکھ سے زیادہ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
طوفان کے باعث نیوانگلینڈ، نیویارک، نیوجرسی کے ساحلی علاقوں میں سیلابی کیفیت پید اہوگئی ہے۔
نیویارک سٹی میں ساحلی علاقوں کی سڑکیں زیر آب آنے سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں کئی انچ پانی میں ڈوب گئیں، متاثرہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مشرقی ریاستوں میں اتوار تک خطرناک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشین گوئی کی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کئی مشرقی ریاستوں میں دہائیوں بعد سرد ترین کرسمس منایا جائےگا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے موسم کی سنگینی سے خبردار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام کی وارننگ پر عمل کریں۔
امریکا کے علاوہ کینیڈا کے مشرقی حصے کو بھی شدید سردی اور برف باری کا سامنا ہے، ٹورنٹو میں بھی متعدد پروازیں منسوخی یا تاخیر کا شکار ہیں۔