-اسلامی جمہوریہ ایران حکومت نے فلسطینی محاذ استقامت کے الاقصی آپریشن کو غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا دنداں شکن جواب قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق حکومت ایران کے ترجمان علی بہادری جہرمی نے فلسطینی استقامتی محاذ کے الاقصی جنگی آپریشن کو صیہونی حکومت کے جرائم کا منھو توڑ جواب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن نے ثابت کردیا ہے کہ بچوں کی قاتل صیہونی حکومت آج ہمیشہ سے زیادہ کمزور پوزیشن میں ہے اور فلسطینی نوجوانوں کو بالادستی حاصل ہے۔
یاد رہے کہ فلسطین کے اسلامی استقامتی محاذ نے سنیچر کی صبح غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ہمہ گیر زمینی، سمندری اور فضائي حملے شروع کئے اور تل ابیب سمیت، مقبوضہ فلسطین کے سبھی شہروں اور فوجی مراکز کو حملوں کا نشانہ بنایا ۔
حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے طوفان الاقصی کے نام سے ہمہ گیر فوجی آپریشن شروع کیا اور جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اس آپریشن میں اپنی بھرپور شرکت کا اعلان کیا ۔
فلسطینی مجاہدین کے اس آپریشن میں آخری اطلاع ملنے تک ڈیڑھ سو سے زائد صیہونیوں کی ہلاکت اور تقریبا ساڑھے پانچ سو کے زخمی ہونے کی صیہونی حکومت کے ذرائع تصدیق کرچکے تھے۔
فلسطینی استقامتی محاذ کے سپاہیوں نے اسی کے ساتھ درجنوں صیہونی فوجیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔