ہفتہ وحدت اور جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے بہار کی راجدھانی عظیم آباد پٹنہ میں شب 12 ربیع الاول کو قدیمی جلوسِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا۔ اس جلوس میں معروف عالم دین مولانا مراد رضا رضوی کی موجودگی نے اتحاد بین المسلمین کی فضا کو مزید تقویت بخشی۔
اس موقع پر نوجوانوں کے سینوں پر ’’فری فلسطین‘‘ کے اسٹیکر بھی نمایاں طور پر دکھائی دیے جو مسلمانوں کی یکجہتی اور مظلوموں کی حمایت کی علامت تھے۔
رپورٹ کے مطابق مولانا مراد رضا جلوس میں شریک ہوئے اور تقریباً تین گھنٹے تک آنے والے مختلف قافلوں کا پرجوش استقبال کرتے رہے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں سے شرکاء کو ہار پہنائے، معطر کیا اور شیرینی تقسیم کر کے سب کو اپنے قریب لگایا۔
اس موقع پر مولانا مراد رضا رضوی نے اپنے خطاب میں کہا: اتحاد بین المسلمین وقت کی اتنی ہی اہم ضرورت ہے جتنی کہ جسم میں خون کی روانی۔ آج دشمنانِ اسلام مسلمانوں کو فرقہ واریت اور انتشار کے ذریعہ کمزور کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ سے سبق لینا ہوگا۔ جس طرح رسول خدا (ص) نے مدینہ میں اخوت و برادری کی بنیاد رکھی تھی، اسی طرح آج بھی ہمیں باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا: یہ وقت مسلمانوں کے درمیان نفرتیں ختم کرنے اور اخوت و محبت کے رشتے کو مضبوط کرنے کا ہے۔ اگر ہم ایک امت بن کر کھڑے ہو جائیں تو نہ کوئی طاقت ہمیں کمزور کرسکتی ہے اور نہ ہی فلسطین و دیگر مظلومین پر ہونے والے مظالم باقی رہیں گے۔
واضح رہے کہ اس قدیمی جلوس میں دو سو سے زیادہ قافلے شریک ہوئے جو آخرکار علاقے کے منگل تالاب میں موجود تاریخی خانقاہ پر اختتام پذیر ہوئے۔ اس پروگرام کا اہتمام شہر کی قدیم تنظیم ’’انجمن پیغام کربلا‘‘ کی جانب سے کیا گیا تھا۔