پاکستان شام کی خود مختاری کی بھرپور حمایت کرتا ہے

Rate this item
(0 votes)

پاکستان شام کی خود مختاری کی بھرپور حمایت کرتا ہےصدر آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے شامی نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد سے ملاقات کی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان شام کی خود مختاری اور سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور شام تنازعہ کا حل شامی عوام کی خواہشات کے مطابق چاہتا ہے اور ایسا حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں شامی عوام کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شام کے مسئلے کا حل طاقت کا استعمال نہیں، عوام کی جمہوری خواہشات کا احترام کرتے ہوئے شام میں بیرونی مداخلت سے باز رہا جائے۔

شام کے ڈپٹی وزیر خارجہ فیصل مقداد ہنگامی طور پر پاکستان پہنچے اور انھوں نے پیر کی سہ پہر بلاول ہاوس کراچی میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے، صدر آصف زرداری نے فیصل مقداد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام لازمی ہے، انہوں نے شام میں تباہ ہوتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی جمہوری خواہشات کے احترام، وسیع البنیاد مذاکرات اور سیاسی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شام کے مسئلے کے پرامن حل کی حمایت کرے، شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے شامی صدر کا خصوصی پیغام صدر زرداری کو پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق شام کے نائب وزیر خارجہ نے شام کی صورت حال اور بیرونی جارحیت کے خطرات سے صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ انھوں نے مبینہ کیمیاوی ہتھیاروں کی شام کے پاس موجودگی کے حوالے سے مغربی میڈیا کی اطلاعات اور ان اطلاعات کی بنیاد پر کسی بھی جارحیت کے ممکنہ خطرات سے بھی صدر زرداری کو آگاہ کیا۔

Read 1352 times