حضرت فاطمہ زہرا (س) کی ولادت با سعادت عالم اسلام کو مبارک ہو

Rate this item
(0 votes)

حضرت فاطمہ زہرا (س) کی ولادت با سعادت عالم اسلام کو مبارک ہوآج اسلامی جمہوریہ ایران سمیت ساری دنیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی بیٹی حضرت فاطمۃ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کی شب کی مناسبت سے جشن منائے جارہے ہیں۔ اسلامی جہموریہ ایران میں اس مبارک موقع پر مشہد مقدس اور قم سمیت مقدس مقامات پر چراغاں کیا گيا ہے۔ مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام اور قم میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں کو نہایت ہی خوبصورتی سے سجا کر بے مثال چراغاں کیاگيا ہے۔ علماء اور مراجع کرام کے گھروں پر بھی چراغاں ہے۔ مقدس مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور علماء و مراجع کرام کے گھروں میں جشن اور محفلوں کاسلسلہ جاری ہے جن میں محمد و آل محمد علیھم السلام کےفضائل و مناقب بیان کئے جارہے ہیں۔ عراق میں بھی نجف اشرف، کربلائے معلی ، سامرا و کاظمین میں روضہ ہائے مقدسہ کو سجایاگيا ہے اور ان مقامات مقدسہ پر لاکھوں زائرین موجود ہیں۔ شام و لبنان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس وقت دمشق میں روضہ ثانی زہرا حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے صحن میں زائرین کی کثیر تعداد موجود ہیں۔ ایران میں گذشتہ شب ہی سے محفلوں کاسلسلہ شروع ہوگيا تھا جن میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔ بیس جمادی الثانی کوثرولایت ، مادرامامت، جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کا یوم ولادت باسعادت ہے۔پیغمبراعظم حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یگانہ روزگاربیٹی اورقرۃ العین الرسول بعثت کے پانچویں سال اس دنیاميں تشریف لائیں اورخانہ وحی میں اپنے پدربزرگوارکے دامن تربیت میں پروان چڑھیں اورعلم ومعرفت اورکمال کی اعلی منزلیں بھی آپ کے کمال لازوال کے سامنے ھیچ نظرآئيں۔ ہجرت کے دوسرے سال آپ ، امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے رشتہ ازدواج ميں منسلک ہوئيں۔ رسول اسلام کی لخت جگرنے حضرت علی علیہ السلام کے کاشانہ علم ومعرفت میں بحیثیت ایک زوجہ ذمہ داریوں اورفرائض کا اعلی ترین نمونہ پیش کیا اورایک ماں کی حیثیت سے رہتی دنیاتک لئے ایسی لافانی مثال قائم کی کہ ماں کی آغوش سے اولاد کومعراج عطاہونے لگی۔ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح)نے کہ جن کا یوم ولادت بھی آج ہی ہے اپنے ایک خطاب میں فرمایا کہ اگرکسی دن کویوم نسواں یاپھر روزمادرسے منسوب کرنا ہے تو شہزادی کونین کے یوم ولادت باسعادت سے بہترموقع یا دن اورکون ہوسکتا ہے اسی مناسبت سے آج کے دن اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیاکے مختلف ممالک میں مسلمان یوم نسواں یا روزمادرمناتے ہيں ۔شوہراپنی شریک حیات کی زحمتوں اوراسی طرح اولاد اپنی ماؤں کی شفقتوں اوران کی لازوال محبتوں کوخراج تحسین پیش کرنے کے لئے ان کوتحفے اورتحائف پیش کرتے ہيں اوریوں اس مبارک دن کو کوثرولایت کے یوم ولادت کے طورپر ایک خوبصورت معنوی جشن سے معمورکرتے ہيں ۔

Read 2259 times