دہشت گردوں کا اسلام سے کوئي تعلق نہيں

Rate this item
(0 votes)
دہشت گردوں کا اسلام سے کوئي تعلق نہيں

تنظیم اتحادِ امت کے زیر اہتمام پاکستان کے شہر لاہور میں منعقدہ "شیوخ الحدیث کانفرنس"میں شریک دو سو سے زائد شیوخ الحدیث والقرآن، مفتیان کرام اور جید علماء نے اپنے اجتماعی شرعی اعلامیہ میں خودکش حملوں کو حرام قرار دے دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے نام نہاد جہادی تنظیموں کا فلسفہ جہاد گمراہ کن، طرزِ عمل غیر اسلامی اور فہم اسلام ناقص اور جہالت پر مبنی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فرقہ وارانہ قتل و غارت میں ملوث عناصر فساد فی الارض کے مجرم ہیں- تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالی شیوخ الحدیث کانفرنس کی صدارت علامہ مفتی محمد خان قادری نے کی۔ کانفرنس کے آخر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان محمد ضیاءالحق نقشبندی نے شرعی اعلامیہ پڑھا۔ اسلام ٹائمز کے مطابق  کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جمعہ بائیس مئی کو ملک گیر "یومِ امن و محبت" منایا جائے گا اور ملک بھر میں اہلِ سنت کی چار لاکھ سے زائد مساجد میں، قتلِ ناحق کے خلاف خطبات جمعہ دئیے جائیں گے۔ اس بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ایمپلی فائر آرڈنینس کی آڑ میں حکومت اذان اور درود کی آواز کو محدود کرنے سے باز رہے۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے- کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا نام نہاد جہادی تنظیموں کی تخریبی اور فسادی کارروائیاں اسلام کی بدنامی، عالمِ اسلام کی کمزوری اور ہزاروں گھرانوں کی بربادی کا باعث بن رہی ہیں اور ان کے خونی کھیل سے اسلام کے دشمن امریکہ کا کام آسان ہو رہا ہے۔

 

 

Read 1411 times