خطیب نماز جمعہ تہران: ایرانی قوم کے ایٹمی حقوق کو مدنظر رکھا جائے

Rate this item
(0 votes)
خطیب نماز جمعہ تہران: ایرانی قوم کے ایٹمی حقوق کو مدنظر رکھا جائے

تہران کے خطیب نماز جمعہ نے ایٹمی معاملے میں ایرانی قوم کے جوہری حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید کی ہے-

تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ محمد امامی کاشانی کی اقتدا میں ادا کی گئی- آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے نمازیوں کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام چونکہ ایک معنوی نظام ہے اس لئے یہ دوسرے تمام نظاموں پر برتری رکھتا ہے- آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے اسلامی نظام حکومت اور دنیا کے دوسرے نظام ہائے حکومت کے درمیان پائے جانے والے فرق کو بیان کیا- انھوں نے اسلامی نظام کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے بانی امام خمینی رح کی سیرت، بہت ہی گرانقدر اہمیت کی حامل ہے- خطیب نماز جمعہ تہران نے کہا کہ ہمارے معاشرے اور جوان نسل کو امام خمینی رح کی سیرت کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دینا چاہئے- خطیب نماز جمعہ نے اغیار کے ساتھ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح کے برتاؤ نیز اسلامی دنیا، اتحاد بین المسلمین، اقتصاد، عوام کی زندگی اور دشمن کی پہچان کے بارے میں امام خمینی رح کے نظریات کی جانب اشارہ کیا اور اس سلسلے میں امام خمینی رح کی روش کو آپ کی سیرت کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رح کی سیرت میں ہرگز تحریف نہیں کی جا سکتی- آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے مزید کہا کہ امام خمینی رح کی وفات کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے ایک نعمت ہیں اور اسلامی نظام اور اسلامی معاشرے کے لئے ان کی ولایت بہت اہمیت کی حامل ہے- آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے اسلامی نظام میں ولایت فقیہ کے مقام کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے والے اسلامی نظام کے دشمن ہیں- آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے ایران کے ایٹمی معاملے کے حل کی امید کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی قوم کے ایٹمی حقوق کے تحفظ کے لئے ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی ہوشیاری کی ضرورت پر تاکید کی-

 

Read 1384 times