فریڈم فلوٹیلا 3، صیہونی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار

Rate this item
(0 votes)
فریڈم فلوٹیلا 3، صیہونی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار

"فریڈم فلوٹیلا 3 " کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ہر طرح کے اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں-

فلسطین کی خـبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے محاصرے کے خاتمے کی یورپی مہم کے سربراہ مازن کحیل نے اتوار کے دن کہا کہ ماریان بحری جہاز بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کی جانب جارہا ہے اور کوئی بھی اس کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ مازن کحیل "فریڈم فلوٹیلا 3 " میں شامل بحری جہاز میں موجود ہیں۔ غزہ پٹی کے محاصرے کے خاتمے کی یورپی مہم کے سربراہ مازن کحیل نے کہا کہ "فریڈم فلوٹیلا 3 " کے منتظمین کا مقصد دنیا والوں کو انسانیت کی فتح کا پیغام دینا ہے- مازن کحیل نے آٹھ برسوں سے جاری غزہ پٹی کے محاصرے کے خاتمے کے لئے دنیا والوں سے مدد کے مطالبے کو بھی "فریڈم فلوٹیلا 3 " کے منتظمین کا ایک مقصد قرار دیا- مازن کحیل نے مزید کہا کہ "فریڈم فلوٹیلا 3 " میں شریک افراد نے تمام ممکنہ سناریوز کے لئے تیاری کر رکھی ہے اور وہ صیہونی فوجیوں کی جانب سے "فریڈم فلوٹیلا 3 " پر حملہ کئے جانے کی صورت میں ہر طرح کے تشدد آمیز اقدام اور صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ سے گریز کریں گے- غزہ پٹی کے محاصرے کے خاتمے کی یورپی مہم کے سربراہ مازن کحیل نے "فریڈم فلوٹیلا 3 " میں تیونس کے سابق صدر ڈاکٹر منصف المرزوقی کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تیونس کی حکومت اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈاکٹر منصف المرزوقی کی حفاظت کریں- واضح رہے کہ تیونس کے سابق صدر ڈاکٹر منصف المرزوقی نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا ہے کہ "فریڈم فلوٹیلا 3 " کو فلسطین کے محصور علاقے غزہ پٹی لے جانے کا مقصد بھوک و افلاس کا شکار بیس لاکھ انسانوں کی مدد کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے عالمی امدادی کارکنوں کو غزہ کے محصورین کی مدد سے روکنے کی کوشش کی مگر ہم نے صیہونی دھمکیاں مسترد کردی ہیں۔ فریڈم فلوٹیلا 3 میں شامل امدادی ادارے فاقہ کش فلسطینیوں کی مشکلات کم کرنے کے عظیم مشن پر نکلے ہیں اور وہ اسے انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس اسلحہ اور گولہ بارود نہیں کہ ہمیں روکا جائے یا امدادی جہازوں پر حملہ کیا جائے۔ ہمارے ساتھ بحری جہازوں پر ادویات لادی گئی ہیں۔ مریض بچوں کے علاج کے لیے طبی سامان ہے۔ خوراک اور کپڑے ہیں۔ ہم نے غزہ کے بیس لاکھ لوگوں کو بھوکا پیاسا اور گھیر کر مارنے کے ظالمانہ طرز عمل کو مسترد کرتے ہوئے مظلوموں کی مدد کا علم اٹھایا ہے۔ عالمی برادری کو ہمارا ساتھ دینا چاہیے۔ غزہ کے عوام کو بنیادی حقوق حاصل کرنے کے لیے ہر قسم کی جدوجہد کا حق حاصل ہے اور پوری عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ محصورین غزہ کی مدد کرے۔ دوسری جانب غزہ پٹی کے فلسطینی عوام "فریڈم فلوٹیلا 3 " کے بحری جہازوں کے استقبال کی تیاریاں کر رہے ہیں- دریں اثناء امدادی جہازوں کے غزہ کے قریب پہنچنے پر اسرائیلی فوج کے حملے کا خطرہ بھی ہے کیونکہ اسرائیلی حکومت نے اپنی بحریہ کو طاقت کے استعمال سے امدادی جہازوں کو روکنے کا حکم دیا ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کی طرف سے کسی بھی قسم کی ممکنہ جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امدادی جہازوں کو حفاظت کے ساتھ غزہ تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

Read 1304 times