ایرانی پارلیمنٹ کےاسپیکر: رہبرانقلاب اسلامی کے خط نے سامراجی طاقتوں کو بے نقاب کردیا

Rate this item
(0 votes)
ایرانی پارلیمنٹ کےاسپیکر: رہبرانقلاب اسلامی کے خط نے سامراجی طاقتوں کو بے نقاب کردیا

رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی نے کہاکہ یورپی نوجوانوں کے نام رہبر انقلاب اسلامی کے خط نے سامراجی طاقتوں کے چہروں پر پڑی نقاب کھینچ کر اہم حقائق کو واضح کردیا ہے۔ انہوں نے کہا عالم اسلام شروع ہی سے جاہلانہ تشدد اور اندھے تعصبات کے خلاف جنگ کرتا چلا آیا ہے۔ اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے خط نے ،عقلانیت، حقائق اور باہمی ثقافتی احترام کی بنیاد پر، اسلامی دنیا اور مغرب کے درمیان رابطوں کی نئی بنیادیں فراہم کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، دراصل خطے کے عیار ڈکٹیٹروں کی خفیہ سازشوں اور بڑی طاقتوں کے انٹیلی جنس اداروں کی پیداوار ہے۔ ایران کے اسپیکر نے کہا کہ دہشت گردی کے سدباب کے لیے لشکرکشی کی ضرورت نہیں بلکہ لشکرکشی، دہشت گردی میں اضافے کا سبب بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خطے پر تسلط جمانے کی سوچ کو ترک، اور آمر حکمرانوں کے بجائے مسلمانوں کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ خطے کی صورتحال نے دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے خفیہ ہاتھوں کوآشکارہ کردیاہے- انہوں نے کہا کہ عراق اور شام میں داعش نے جب مسلمانوں کا خون بہانا شروع کیا تھا اسی وقت بعض ملکوں کے دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کے شواہد سامنے آگئے تھے لیکن علاقائی اتحاد اور فوجی مداخلت کےنتیجے میں دہشت گردوں کے حامی مزیدکھل کر سامنے آگئے ہیں۔

مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ بعض ممالک یہ سمجھ رہے ہیں کہ خطے کی صورتحال کو درھم برھم کرکے اپنے مقاصد حاصل کرسکتے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ بدامنی کا بحران انہیں بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

Read 1559 times