قزاقستان کے صدر سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات

Rate this item
(0 votes)
قزاقستان کے صدر سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات

رہبر انقلاب اسلامی نے قزاقستان کے صدر سے ملاقات میں فرمایا کہ امریکہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی دعوے دار طاقتیں اپنے دعوے میں سچی نہیں ہیں-

قزاقستان کے صدر نور سلطان نظربایف اور ان کے ہمراہ وفد نے پیر کو رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی - اس موقع پر آپ نے ایران اور قزاقستان کے درمیان مختلف سیاسی ، اقتصادی، اور عالمی امور نیز دہشت گردی کے خلاف جد و جہد میں تعاون بڑھانے کی ضرورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ بعض طاقتیں خاص طور پر امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دعوؤں میں سچا نہیں ہے لیکن اسلامی ممالک، سچائی کے ساتھ تعاون کر کے عالم اسلام سے اس خطرے کو دور کر سکتے ہیں-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عراق میں امریکیوں کی جانب سے داعش کی مدد کو دہشت گردی کے خلاف جد و جہد کے دعوے دار انواع و اقسام کے اتحادوں کے جھوٹ کا ایک نمونہ بتایا اور فرمایا کہ وہ اپنے جھوٹے رویے کا جواز پیش کرنے کے لئے دہشت گردی کو اچھی اور بری دو اقسام میں تقسیم کرتے ہیں -

رہبر انقلاب اسلامی نے یورپ میں دہشت گردانہ واقعات میں ملوث عناصر کی شہریت اور شام و عراق میں سرگرم دہشت گرد گروہوں میں ان کی بھرپور موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ان حقائق سے ثابت ہوتا ہے کہ مغرب بالخصوص امریکی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ نہیں ہیں-

آپ نے دہشت گردی کے خطرے اور طاقتوں کے دہرے رویوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان منطقی اور عاقلانہ پالیسیوں کے تناظر میں تعاون میں اضافے کو ضروری قرار دیا اور فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، مسلمان ممالک کے لئے برادرانہ جذبات رکھتا ہے اور بہت سے عالمی مسائل میں ایران اور قزاقستان کے مواقف یکشاں ہیں-

اس ملاقات میں کہ جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی بھی موجود تھے ، قزاقستان کے صدر نورسلطان نظربایف نے ایران کو ایک عظیم اور قابل اعتماد پڑوسی قرار دیا اور فرمایا کہ دونوں ممالک کے اندر، تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ہم نے اس دورے میں اہم تجاری اور اقتصادی پروگراموں کے سلسلے میں معاہدے کئے ہیں کہ جو تعاون میں اضافے اور فروغ کا باعث ہوں گے-

قزاقستان کے صدر نے دہشت گردی کو علاقے اور دنیا کے لئے ایک سنجیدہ خطرہ قرار دیا اور مغرب میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور مغرب کی جانب سے اسلام کو دہشت گردی کی علامت کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور پڑی تعداد میں پناہ گزینوں کی ہجرت درحقیقت مغربی طاقتوں کی جانب سے علاقے کے ممالک کی قانونی حکومتوں کے خلاف کارروائیوں کا نتیجہ ہے کیونکہ اگر کسی ملک کی پائدار مرکزی حکومت ختم ہو جاتی ہے تو اس کی جگہ دہشت گردی لے لیتی ہے-

نظر بایف نے اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت و استحکام اور اسلامی ممالک میں رہبر انقلاب اسلامی کے معنوی و روحانی اثر و رسوخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عالم اسلام میں اتحاد کے بارے میں جناب عالی کے نظریات سے بھر پور اتفاق رکھتا ہوں اور پوری دنیا پر یہ ثابت کر دینا چاہئے کہ اسلام، پیشرفت ، اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف جد و جہد کا دین ہے-

Read 1441 times