ایران کے دشمن اپنی آرزوؤں کو اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے

Rate this item
(0 votes)
ایران کے دشمن اپنی آرزوؤں کو اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای مشہد مقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں دسیوں ہزار زائرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ایک بار پھر یہ توفیق عطا فرمائی کہ میں اس روحانی اور ملکوتی بارگاہ میں آپ سے خطاب کروں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے نئے ہجری شمسی سال کو ملک کے لئے ایک اہم سال قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ سال اقتصادی لحاظ سے بھی اور آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی بنا پر سیاسی لحاظ سے بھی بہت اہم ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ گذشتہ برس ایران کے عوام نے کچھ اقتصادی مشکلات کے باوجود سیاسی اور انقلابی میدانوں میں شاندار کارنامے رقم کئے اور یوم القدس اور یوم آزادی کے جلوسوں میں تاریخی شرکت کر کے انقلاب سے اپنی وفاداری کا ایک بار پھر بھرپور ثبوت پیش کیا-

انہوں نے فرمایا کہ مذہبی اور روحانی اجتماعات اور پروگراموں میں شرکت کے تعلق سے بھی گذشتہ برس ایران کے مومن عوام کی شرکت پہلے سے کہیں زیادہ تھی اور یہ بہت ہی اہم بات ہے- آپ نے فرمایا کہ یوم آزادی کے جلوسوں اور ماہ محرم و صفر کے اجتماعات اور پروگراموں میں ایرانی عوام کی وسیع شرکت، دوست و دشمن دونوں کے لئے اہم پیغام کی حامل ہے اور اس سے دوست و دشمن سب کے سامنے ایرانی عوام نے اپنی شناخت کو منوایا ہے-

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس طرح کے اجتماعات میں ایرانی عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ایران کے عوام، دین و مذہب کے امورکی پابندی کا معاملہ ہو یا ملک کے سیاسی معاملات اور انقلابی اقدار کی حفاظت کی با ت ہو، ہر میدان میں پوری طرح متحد ہیں- رہبرانقلاب اسلامی نے ایرانی عوام کے اتحاد اور انقلاب و اسلامی نظام نیز مذہبی امور کی پابندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ نیا سال بھی اس لحاظ سے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے-

آپ نے اقتصادی مسائل کو ملک کے مسائل میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اقتصادی میدان میں سرعت عمل کا مظاہرہ کیا جائے- انہوں نے فرمایا کہ اگر ایران کے عوام کے نقطہ نگاہ سے اقتصادی مسائل سرفہرست ہیں تو دشمن نے بھی ان ہی مسائل کو اپنی ترجیحات میں قرار دے رکھا ہے اور دشمن، ایران کو اقتصادی میدان میں کمزور کر کے عوام اور حکومت کے دمیان فاصلہ پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اس طرح اپنے مقاصد حاصل کرسکے۔ آپ نے فرمایا کہ ایران کے نادان اور بے دین دشمن برسوں سے اس میدان میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے لیکن وہ اب تک ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی اس کو کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایران اور ایرانی عوام کے لئے اسلامی نظام کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام نے اس عرصے میں انتہائی غیر معمولی کارنامے انجام دیئے ہیں اور عوام کی بہت زیادہ خدمت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اگر ان خدمات کا طاغوتی حکومت کے دور سے موازنہ کیا جائے تو واضح ہو جائے گا کہ ایران کے اسلامی جمہوری نظام نے عوام کی کتنی زیادہ خدمت کی ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے علمی اور سائنسی میدانوں میں ایرانی نوجوانوں کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایران میں علمی ترقی پچیس گنا زیادہ ہوئی ہے - آپ نے ایرانی نوجوانوں میں پائے جانے والی بے پناہ استعداد کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا جب ہم یہ کہتے ہیں کہ مستقبل میں ایران میں بہت ہی اہم کام انجام پائیں گے تو بااستعداد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ہی یہ بات کہی جاتی ہے-

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے عظیم قدرتی ذخائر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ گیس کے ذخائر کے لحاظ سے ایران دنیا میں پہلے نمبر پر ہے- آپ نے فرمایا کہ دشمن نے بلاوجہ اپنی نظریں ایران پر نہیں جمائی ہیں دشمن چاہتے ہیں کہ ایران کے قدرتی ذخائر پر تسلط حاصل کرلیں-

آپ نے فرمایا کہ البتہ یہ دشمنوں کی پرانی خواہش ہے اور ان کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہو سکے گی اور وہ اپنی یہ خواہش قبر میں لے کر جائیں گے- رہبرانقلاب اسلامی نے ایران کے آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ میرے لئے جو چیز سب سے زیادہ اہم ہے وہ یہ ہے کہ لوگ زیادہ سےزیادہ پولنگ اسٹیشنوں پر جاکر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں-

 

Read 1306 times