مسلح افواج کی تقویت، قوم کے تحفظ کی ضامن ہے

Rate this item
(0 votes)
مسلح افواج کی تقویت، قوم کے تحفظ کی ضامن ہے

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے روز مالک اشتر فیسٹیول کی منتخب شخصیات اور مسلح افواج کے سینیئر کمانڈروں سے اپنے خطاب میں فرمایا کہ مسلح افواج کو فکری، عملی اور عزم و ارادے کے اعتبار سے بہترین افرادی قوت کی ضرورت ہے تاکہ وہ دشمنوں کے مقابلے میں قوم کو تحفظ فراہم کرسکیں۔
آپ نے مالک اشتر فیسٹیول کے انعقاد کے ذریعے افرادی قوت کی گہری پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ کامیابیوں کے حصول کے لئے پیش قدمی اور پیشرفت جاری رکھے جانے کی ضرورت ہے، بنابریں ہر شعبے میں اس کے عہدیدار کی یہ مکمل ذمہ داری ہے کہ وہ مسلسل سعی و کوشش کرتا رہے۔
مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ یہ فیسٹیول جناب مالک اشتر کے نام پر منعقد کیا گیا ہے، جن کا شمار امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے کمانڈروں اور صحابیوں میں کیا جاتا تھا اور ہمارے لئے ایک درس کی مانند ہے۔ آپ نے فرمایا کہ بصیرت اور راہ راست کی شناخت میں مالک اشتر پختہ عزم کے مالک، ذمہ دار، مجاہد اور شجاع تھے اور طاقت اور کمانداری کے لئے مکمل آمادگی رکھتے تھے اور اسی طرح معنویت، عبادت، تقوی اور تواضع و انکساری میں ممتاز نمونہ عمل ہیں اور ایران کی مسلح افواج کے کمانڈروں کو چاہئے کہ دوسروں سے کہیں زیادہ اپنے اندر ان خصوصیات کومضبوط اور عزم کو مستحکم بنائیں۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خطاب سے قبل، ایران کے مسلح افواج کے جنرل چیف آف اسٹاف کے کمانڈر، میجر جنرل محمد باقری نے استقامتی محاذ پر حاصل ہونے والی اسٹریٹیجک کامیابیوں کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالک اشتر نامی آٹھویں مرکزی فیسٹیول میں مسلح افواج کے باون کامیاب عہدیداروں اور کمانڈروں کی قدردانی کی گئی۔

 

Read 1361 times