فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں میں جھڑپیں، 39 فلسطینی زخمی

Rate this item
(0 votes)
فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں میں جھڑپیں، 39 فلسطینی زخمی

فلسطین کے مختلف علاقوں میں جمعے کو احتجاجی مظاہروں اور جھڑپوں کے دوران درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی عوام نے جہاد اسلامی اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کی اپیل پر مسلسل چوتھے جمعے کو بھی یوم غضب منایا اور بیت المقدس نیز مسجد الاقصی کے تحفظ کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔
فلسطینی عوام نے ان مظاہروں میں امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بیت المقدس، صرف فلسطین کا دارالحکومت ہے اور اس کی یہ حیثیت ہمیشہ باقی رہے گی۔
حماس، جہاد اسلامی اور دیگر فلسطینی تنظیموں نے بیانات جاری کرکے فسلطینی عوام سے اپیل کی تھی کہ اس جمعے کو بیت المقدس اور قبلہ اول مسجد الاقصی کے تحفظ کے مکمل آمادگی کے عنوان سے مظاہرے کریں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کو مختلف علاقوں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے صیہونی فوجیوں نے آنسو گیس کے گولے پھینکے اور فائرنگ کردی۔ مجموعی طور جمعے کو غرب اردن میں پینتیس فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے پندرہ افراد گولیوں سے زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ میں بھی چار فلسطینی گولیوں سے زخمی ہوئے اور پندرہ آنسوگیس کی شدت سے متاثر ہوئے ہیں۔
قومی اور اسلامی فلسطینی تنظیموں کی مشترکہ کمیٹی نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے غیر قانونی فیصلے کے خلاف مہم میں فلسطینی عوام کا ساتھ دیا جائے۔

Read 1379 times