مولانا محمودالحسن خان بیباک عالم اور نوجوان نسل کےلئے رہنما کی حیثیت رکھتے تھے :مولانا سید کلب جواد نقوی

Rate this item
(0 votes)
مولانا محمودالحسن خان بیباک عالم اور نوجوان نسل کےلئے رہنما کی حیثیت رکھتے تھے :مولانا سید کلب جواد نقوی

معروف عالم دین اور مجلس علماء ہند کے سرپرست حجتہ الاسلام عالی جناب مولانا محمودالحسن خان طاب ثراہ کے انتقال پر  دفترمجلس علماء ہند واقع حسینیہ غفرانمآب میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد ہوا ۔تعزیتی جلسہ میں مولانا مرحوم کے علمی و عزائی خدمات کو یاد کیا گیا ۔جلسہ کے آغاز میں مولانا مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور انکی ترویح روح کے لئے قرآن کی تلاوت کی گئی ۔مجلس علماء ہند کے تمام اراکین اور ریاستی دفاتر کے عہدیداران نے مولانا مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مولانا مرحوم کی جانفشانیوں ،انکے ایثار اور علمی و تبلیغی خدمات کو یاد کیا۔
    مولانا محمودالحسن خان کے انتقال پر امام جمعہ اور مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے مولانا مرحوم کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ مولانا مرحوم ایک برجستہ عالم دین اور مقبول شخصیت کے مالک تھے ۔انکی علمی و عزائی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔مولانا مرحوم نے ہمیشہ مجلس علماء ہند کی سرپرستی کی اور انتقال تک مجلس علماء ہند کے مخلص سرپرست رہے ۔انکا انتقال قومی و ملّی خسارہ ہے جسکی تلافی ممکن نہیں۔مولانا نے کہاکہ انہوں نے سیکڑوں طلباء کو زیور علم سے آراستہ کیاہے جو دنیا بھر میں علوم آل محمد ؑ کی نشرواشاعت میں مصروف ہیں۔مقصد کربلا کو پہونچانے میں انہوں نے کبھی تامل سے کام نہیں لیا ۔وہ ہمیشہ بڑی بیباکی کے ساتھ اپنے افکار و خیالات کا اظہار کرتے تھے اور نوجوان نسل کی رہنمائی اور ذہنی آبیاری میں پیش پیش رہتے تھے ۔مولاناسید کلب جواد نقوی نے مولانا مرحوم کے پسماندگان خصوصا مولانا محفوظ الحسن کی خدمت میں تعزیت پیش کی ۔

Read 1382 times