پاکستان اور ہندوستان کے مابین بیک ڈور ڈپلومیسی

Rate this item
(0 votes)
پاکستان اور ہندوستان کے مابین بیک ڈور ڈپلومیسی

پاکستان اور ہندوستان کے مابین بیک ڈور ڈپلومیسی کی وجہ سے دونوں ملکوں کی جیلوں میں بند قیدیوں کی رہائی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

پاکستان میں تعینات ہندوستانی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشیدہ تعلقات بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ دونوں ممالک کی جیلوں میں قید ان تمام قیدیوں کی رہائی کو ممکن بنایا جاسکے جو سزائیں مکمل کرچکے ہیں تاکہ سزائیں مکمل ہونے کے باوجود کئی برس سے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے شہری اپنے اپنے گھروں کو واپس جاسکیں۔

اجے بساریہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں پاکستان کی طرف سے تھیلیسیمیا کے شکار 22 سالہ ہندوستانی نوجوان جتندرا کی رہائی پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بہت جلد سزائیں مکمل کرنے والے قیدی رہائی کے بعد اپنے اپنے ملکوں میں واپس جاسکیں گے۔

ہندوستانی سفارتی حکام کے مطابق ہندوستانی جیل میں قید 56 سالہ پاکستانی خاتون نسرین اختر کو آئندہ چند روز میں رہا کردیا جائے گا۔ نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے نے نسرین بی بی پرعائد کردہ جرمانہ ادا کردیا ہے جب کہ دیگرتمام قانونی تقاضے بھی پورے ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان میں ایسے کئی قیدی ہیں جن کی سزائیں پوری ہو گئی ہیں لیکن اس کے باوجود انھیں رہا نہیں کیا گیا ہے۔

 

Read 1274 times