امریکی پابندیوں کے نرغے میں سربلند "جمہوری اسلامی ایران"

Rate this item
(0 votes)
امریکی پابندیوں کے نرغے میں سربلند "جمہوری اسلامی ایران"

ہر فرعون کے لئے ایک موسیٰ ہوا کرتا ہے۔ 1979ء تک امریکہ مشرق وسطیٰ کا فرعون بنا رہا، اسے کوئی روک ٹوک نہ تھی، اپنی مرضی سے آنا، اپنی مرضی سے جانا۔ مشرق وسطیٰ خصوصاً ایران کو وہ اپنی چھاونی سمجھتا تھا، جہاں کوئی اسے کوئی للکار نہیں سکتا تھا۔ خطے کے بڑے بڑے حکمران اس کے مقابل کھڑا ہونے کی جرات نہیں رکھتے تھے۔ شاہِ ایران خطے میں امریکی پولیس مین کا کردار ادا کر رہا تھا۔ سب کچھ امریکی مفادات کے حوالے سے اچھا چل رہا تھا کہ اچانک حالات نے پلٹا کھایا، 11 فروری 1979ء کا سورج انقلاب اسلامی کی نوید لیکر طلوع ہوا۔ مشرق وسطیٰ میں امریکی مفادات پہ کاری ضرب پڑی۔ امام خمینی موسیٰ کے روپ میں فرعونِ زمان کے مقابل کھڑے ہوگئے۔ امریکی پولیس مین راہ فرار اختیار کرچکا تھا۔ امریکہ اور اس کے حواری سمجھ گئے کہ جب تک خمینی و فرزندانِ خمینی موجود ہیں، خطے میں ہماری کامیابی ممکن نہیں۔ اسلام دشمنان سر جوڑ کر بیٹھ گئے کہ اس مشکل کا توڑ کیسے نکالا جائے۔

یہاں یاد دلاتا چلوں کہ موجودہ دور میں جس ملک و ملت پہ غلبہ کرنا مقصود ہو، اس پہ بجائے اس کے کہ جنگی جہازوں سے حملے کئے جائیں یا میزائل برسائے جائیں، اس کی اقتصاد پہ حملہ کیا جاتا ہے۔ اقتصادی لحاظ سے پابندیاں عائد کی جاتی ہیں، اس ملک کی معیشت کو تباہ کرکے اسے جھکنے پہ مجبور کیا جاتا ہے۔ لیکن انقلابِ اسلامی کا خطرہ امریکہ کے لئے اتنا بڑا تھا کہ اس نے دونوں طرف سے حملہ آور ہونے کا منصوبہ بنایا۔ ایک طرف جمہوری اسلامی کا اقتصادی پابندیوں سے گھیراو شروع کیا تو دوسری جانب صدام کے ذریعے ایران پہ حملہ آور ہوا۔ تاریخ گواہ ہے کہ ایران پر اقتصادی پابندیوں کا آغاز 1980ء سے ہوا، جب ایک طرف 22 مئی 1980ء کو امریکہ نے ایران کا اقتصادی گھیراو شروع کیا، دوسری طرف اپنے ایجنٹ صدام کے ذریعے 22 ستمبر 1980ء کو ایران پر ایک ایسی جنگ مسلط کی، جس کے نہ صرف یہ کہ دونوں مسلمان ممالک بلکہ مشرق وسطیٰ بھی قطعی طور پر ایسی کسی جنگ کا متحمل نہیں تھا۔ دونوں طرف سے بے گناہ انسان مارے جانے لگے۔

امریکہ نے دونوں جانب سے اپنا کھیل جاری رکھا۔ صدام اور صدامیوں کو اسلحہ بھی پہنچاتا رہا جبکہ دوسرے محاذ پہ ایران کو سخت ترین پابندیوں میں جکڑنے کا عمل بھی جاری رکھا۔ ان پابندیوں میں مزید سختی 1995ء میں دیکھنے میں آئی، جب بل کلنٹن نے امریکی تیل و گیس کمپنیوں کو ایرانی تیل کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرنے سے روک دیا۔ سال 2001ء میں ان پابندیوں میں تسلسل کے ساتھ ساتھ ایک تبدیلی یہ آئی کہ پہلے صرف ایرانی سرکاری افراد اور کمپنیوں کا گھیراو کیا جاتا تھا، اب غیر سرکاری افراد اور ادارے بھی ان پابندیوں کی زد میں آنے لگے۔ اس تبدیلی کی ایک اہم وجہ یہ تھی کہ ایران کا نیوکلیئر پروگرام جو آٹھ سالہ زبردستی مسلط کی گئی جنگ کی وجہ سے کمزور پڑ چکا تھا، اس میں دوبارہ طاقت آچکی تھی اور اس پہ زور و شور سے کام جاری تھا۔ طاقت کے توازن میں تبدیلی دیکھتے ہوئے امریکہ نے بھی پینترا بدلا اور غیر سرکاری افراد و کمپنیاں بھی اب زیرِ عتاب آنے لگے امریکہ کی دیکھا دیکھی اور اس کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی انقلابِ اسلامی کو اپنے لئے بہت بڑا خطرہ سمجھتے ہوئے ایران پہ اقتصادی پابندیاں عائد کر دیں، لیکن انقلاب کا جو بیج امام راحل نے بویا تھا، وہ اب ایک تن آور درخت بن چکا تھا۔

جمہوری اسلامی ایران نے رہبرِ حکیم کی سرپرستی میں اس شدید ترین اقتصادی محاصرے میں بھی ترقی کا عمل جاری و ساری رکھا۔ خود رہبرِ انقلاب، ان کے مشیران اور ایرانی وزیر خارجہ سمیت متعدد اہم افراد ان غیر قانونی و غیر انسانی پابندیوں کا شکار ہوئے، لیکن رہبرِ انقلاب نے ہمیشہ یہی فرمایا "محنت جاری رکھیں، یہ پابندیاں ہمارے لئے نعمت ثابت ہونگی۔" اوباما دور میں مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر ایران کے ساتھ ایک معاہدہ تشکیل دیا گیا، جسے ٹرمپ نے آتے ہی منسوخ کیا اور یوں ٹرمپ دور میں جمہوری اسلامی پر پابندیوں کا شدید ترین دور شروع ہوا۔ 2018ء میں ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کو دوائیں اور طبی آلات سپلائی کرنے پر پابندی عائد کر دی۔  بقول رہبر معظم انقلاب بظاہر پینٹ کوٹ پہنے اور خوشبو و ٹائی لگائے بظاہر مہذب نظر آنے والے اندر سے کتنے غیر مہذب ہیں، جنہیں دوائوں کے نہ ہونے کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع کا کوئی احساس نہیں۔

اسوقت جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے، تقریباً 18 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوچکے، جبکہ ایک لاکھ سے زائد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جمہوری اسلامی ایران جو پہلے سے ان  غیر قانونی  و غیر انسانی پابندیوں کی زد میں تھا، کورونا کا شکار ہوا۔ 70 ہزار سے زیادہ افراد کورونا کا شکار ہوئے، جس میں سے چار ہزار سے زیادہ جان دے چکے ہیں، شدید ترین پابندیوں کے نرغے میں ہونے کے باوجود مریضوں کا علاج کامیابی سے جاری ہے۔ تقریباً 42 ہزار افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا کے اوج کے دنوں میں بھی ایران میں غذائی اشیاء سمیت کسی چیز کی کمی محسوس نہیں کی گئی۔ عام دکانوں سے لیکر سپر مارکیٹس تک سب کچھ آسانی سے مل رہا تھا۔ یورپ، امریکہ و برطانیہ کا حال سب کے سامنے ہے۔ بڑی بڑی مارکیٹیں خالی ہوچکی ہیں۔ لوگوں کو غذائی اشیاء بھی نہیں مل رہیں۔

لیکن ان بدترین حالات میں بھی امریکی بدمعاشی جاری ہے، ہر چند ہفتوں بعد نئی پابندیاں لگ رہی ہیں، جبکہ پاکستان، روس، چین اور اقوام متحدہ سمیت متعدد ممالک و شخصیات امریکہ کی اس اقتصادی دہشتگردی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ بہرحال جمہوری اسلامی ایران اپنے رہبرِ عظیم الشان حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت و سرپرستی میں سربلند ہے۔ ان کا حکیمانہ قول حرف بہ حرف سچ ثابت ہو رہا ہے، پابندیاں نعمت بن چکی ہیں، جمہوری اسلامی تنِ تنہا کورونا وائرس کو شکست دینے کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے۔ بقول شاعر۔۔۔۔۔وہ شمع کیا بجھے جسے روشن خدا کرے

Read 877 times