رہبرانقلاب اسلامی کے خطاب کا پاکستانی ذرائع ابلاغ میں انعکاس

Rate this item
(0 votes)
رہبرانقلاب اسلامی کے خطاب کا پاکستانی ذرائع ابلاغ میں انعکاس

 پاکستان سے شائع ہونے والے روزنامہ جنگ نے یہ شہ سرخی لگائی ہے: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت سے لڑنے والے ہر ملک اور گروہ کی مدد کریں گے۔

یوم القدس پر پیغام میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ریفرنڈم کا حق ملنے تک فلسطینیوں کی سیاسی، فوجی اور ثقافتی جدوجہد جاری رہنی چاہیے۔

سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جیسوں کو نکالنا اسرائیل کو ختم کرنے کے مترادف ہے جو ہو کر رہے گا، صیہونی حکومت نے ثابت کیا ہے وہ کسی معاہدے اور منطق پرنہیں چلتی۔

روزنامہ ڈان کی شہ سرخی: ایران، اسرائیل کے خلاف لڑائی کرنے والی قوم کا ساتھ دے گا، آیت اللہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی ایسی قوم کی حمایت کرے گا جو اسرائیل کی صیہونی حکومت کی مخالفت اور اس کے خلاف لڑائی کرے گی۔

یوم القدس کے موقع پر خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کے لیے سیاسی، فوجی اور ثقافت پر مشتمل جامع جدوجہد جاری رکھیں جب تک غاصب (اسرائیل) فلسطینی قوم کے لیے رائے شماری پر آمادہ نہ ہوجائے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ فلسطینی قوم کو طے کرنا چاہیے کہ وہ کون سے سیاسی نظام کے خواہاں ہیں اور پھر مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے فلسطین کی آزادی کے لیے گائیڈ لائنز بھی پیش کیں جس میں جدوجہد جاری رکھنے اور مغربی طاقتوں کے اوپرانحصار ختم کرنے پر زور دیا گیا۔

سچ ٹیوی ویب سائٹ کی شہ سرخی: مسئلہ فلسطین دنیائے اسلام کا اہم اور ناقابل فراموش مسئلہ ہے: آیت اللہ خامنہ ای

عالمی یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر کے عوام سےبراہ راست خطاب میں سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ناقابل فراموش مسئلہ ہے۔ فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی جرائم میں مغربی ممالک برابر کے شریک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک نے اسرائیل کو ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح کیا، انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد مسئلہ فلسطین ایک نئےمرحلے میں داخل ہوگیاہے،امت مسلمہ نے یوم قدس کا شانداراستقبال کرکے فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سپریم لیڈر ایران کا کہنا تھا کہ فلسطین جیسے عظیم اور با عظمت مسئلہ کو مسلمانوں کی عزت اورغیرت فراموش کرنے کی اجازت نہیں دےگی اور مسلمان مسئلہ فلسطین کے بارے میں پہلے کی نسبت کہیں زیادہ آگاہ اور ہوشیار ہیں۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا امریکہ اور خطے میں موجود اس کے اتحادی کتنا بھی پیسہ کیوں نہ خرچ کریں وہ فلسطین کے بارے میں اپنے شوم منصوبوں میں ناکام ہوجائیں گے اوراسرائیلی وائرس کا علاقے کےمؤمن جوانوں کی ہمت سے خاتمہ ہوجائے گا۔

Read 770 times