گلگت بلتستان میں انتخابات میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری

Rate this item
(0 votes)
گلگت بلتستان میں انتخابات میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری

گلگت بلتستان میں شدید سردی کے باوجود انتخابات میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق گلگلت اور بلتستان کے اکثر علاقوں میں آج شدید سردی ہے، بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، نظامِ زندگی متاثر ہے تاہم موسم خراب ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ رہے ہیں۔

گلگت بلتستان میں برفباری اور موسم شدید سرد ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش ہے جبکہ شدید سردی کے باوجود خواتین بھی بڑی تعداد میں صبح سویرے ہی ووٹ ڈالنے پہنچ گئیں۔

غذر کی بالائی تحصیل پھنڈر میں بھی برفباری ہوئی ہے جس کے باعث متعدد علاقوں کی رابطہ سڑکیں متاثر ہیں، نقطۂ انجماد سے نیچے درجۂ حرارت ہونے کے باوجود گلگت بلتستان کے باسی ووٹ ڈالنے کے لیے پرعزم ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں 23 نشستوں پر ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے، پولنگ کا عمل بغیر وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

شام 5 بجے کے بعد جو ووٹرز پولنگ اسٹیشنز میں ہوں گے وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

گلگت بلتستان کے 3 ڈویژن 10 اضلاع پر مشتمل ہیں، گلگت ڈویژن میں گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر کے اضلاع شامل ہیں، بلتستان ڈویژن اسکردو، گانچھے، شگر اور کھرمنگ کے اضلاع پر مشتمل ہے جبکہ دیامر استور ڈویژن میں 2 اضلاع دیامر اور استور شامل ہیں۔

گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 45 ہزار 361 ہے، جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 5 ہزار 63 ہےجبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 998 ہے۔

یہاں ایک لاکھ 26 ہزار 997 ووٹرز پہلی بار اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔

گلگت بلتستان میں پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 1 ہزار 260 ہے جن میں سے مردوں کے پولنگ اسٹیشنز 503 ہیں، خواتین کے پولنگ اسٹیشنر 395 ہیں، جبکہ مشترکہ پولنگ اسٹیشنر 362 ہیں۔

ان 1 ہزار 260 پولنگ اسٹیشنز میں سے 297 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، جبکہ 280 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے لیے 13 ہزار 481 اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں جن میں پولیس، رینجرز اور جی بی اسکاوئٹس شامل ہیں جبکہ دیگر صوبوں کی 5 ہزار 700 اہلکاروں پر مشتمل اضافی پولیس نفری بھی الیکشن ڈیوٹی کے لیے تعینات کی گئی ہے۔سینٹرل پولیس آفس گلگت میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

Read 727 times