ایران چائنہ معاہدہ امریکہ کو بڑا جھٹکا

Rate this item
(0 votes)
ایران چائنہ معاہدہ امریکہ کو بڑا جھٹکا
مریکہ یک قطبی دنیا کا علمبردار ہے، جس میں ہر طرف امریکی ورلڈ آرڈر ہی چلے۔ جو امریکی نظام کے سامنے آئے اس پر پابندیوں کی بھرمار کر دی جائے۔ روس اور چائینہ سمیت ہر ملک جو امریکی نظام کو چیلنج کرتا ہے، اس پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔ امریکہ نے دنیا  کا اقتصادی نظام اس طرح سے ڈیزائن کیا ہے کہ بقول خواجہ آصف ہر ڈالر نے رات امریکہ میں جا کر سونا ہوتا ہے۔ ڈالر پر قائم یہ نظام امریکی مفادات کے تحفظ میں کام کرتا ہے، یہ ہر اس معیشت کو نقصان پہنچاتا ہے، جو امریکی نظام کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس کے ذریعے ملکوں کو بلیک میل کیا جاتا ہے اور اسی کے ذریعے اپنی خارجہ پالیسی کو عملی جامہ پہنایا جاتا ہے۔ کہیں لالچ سے کام چلایا جاتا ہے، آسان شرائط پر قرضے دیئے جاتے ہیں یا قرضے ری شیڈول کر دیئے جاتے ہیں۔

اب دنیا نے اس کو چیلنج کرنا شروع کر دیا ہے، انسانیت اس سے تنگ آچکی ہے۔ ہر قوم کا اپنا طرز زندگی ہوتا ہے، وہ اس کے مطابق اپنے مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے، امریکی نظام اس کی اجازت نہیں دیتا۔ وہ ہر ایک سے یہ تقاضا کرتا ہے، اس کے نظام میں ڈھل جاو تو ٹھیک ہے، ورنہ سخت دنوں کے لیے تیار ہو جاو۔ امریکہ کے اس نظام کو  بھی آزاد اقوام نے چیلنج کرنا شروع کر دیا ہے اور آج کی دنیا بھی چالیس سال پہلے والی دنیا نہیں ہے۔ ایشیا میں دنیا کی بڑی معیشتیں پنپ رہی ہیں اور بڑی تیزی سے وسائل پیدا کر رہی ہے۔ اب تو صورتحال یہ ہے کہ آزاد تجارت کے نعرے لگانے والے  ٹیکسوں کی بھرمار کر رہے ہیں اور چیزوں کی درآمد و برآمد میں مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ آزاد تجارت کا نعرہ تب تک درست تھا، جب تک غریب ممالک کے وسائل کا خون چوس رہا تھا، جب اس کے مقابل چینی معیشت نے مسابقت دکھانی شروع کی اور وسائل کا رخ چین کا طرف ہونے لگا تو مسائل گھڑے کئے جانے لگے ہیں اور ان کے خلاف بی بی سی، سی این این اور فوکس نیوز پر ہر تیسرے دن کوئی فرضی کہانی آئی ہوتی ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ خطے میں تجارت و معیشت سے لے کر سکیورٹی تک کی صورتحال تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران کی طرف سے معاہدے کے لیے ایرانی پارلیمنٹ کے سابق سپیکر علی لاریجانی کو اپنے نمائندے کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ پہلے یہ معاہدہ دس سال کے لیے کیا جانا تھا، مگر اب اس کی مدت کو پچیس سال تک بڑھا دیا گیا۔ اس معاہدے کی بنیاد چائنہ کے صدر  کے 2016ء کے دورہ ایران کے موقع پر رکھی گئی، پھر فائیو پلس طاقتوں کے ساتھ معاہدے اور دیگر وجوہات سے یہ پس منظر میں چلا گیا، مگر ایرانی اور چینی قیادت اس پر مسلسل کام کر رہی تھی۔ اب اس معاہدے کا اعلان کیا گیا ہے اور دنیا بھر میں یہ موضوع بحث بن چکا ہے۔

اس معاہدے میں فوجی تربیت و مشقیں، ہتھیاروں کی تیاری اور اس سے متعلق تحقیقات میں تعاون، خفیہ معلومات کا تبادلہ، انسانی سگلنگ، ائرپورٹ، ہائی سپیڈ ٹرین، سب ویز، فری ٹریڈ زونز اور فائیو جی نیٹ ورک کا قیام شامل ہے۔ فائیو جی اور انٹرنیٹ کی چائییز نظام میں منتقلی سے سائبر سے متعلقہ معاملات میں مغرب پر انحصار ختم ہوگا۔ آج کی دنیا میں اصل جنگ سائبر کی دنیا میں لڑی جا رہی ہے اور مغرب اس پر اپنی اجارہ داری قائم کیے ہوئے ہیں۔ ایسے میں بہت ضروری ہوگیا ہے کہ  ایشیائی ممالک اس میں بھی خود انحصاری کی طرف بڑھیں۔ امریکی اخبار نیو یارک پوائنٹ کا تجزیہ پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے:
the partnership would create new and potentially dangerous flash points in the deteriorating relationship between China and the United States اس شراکت داری سے چین اور امریکہ کے درمیان بگڑتے ہوئے تعلقات میں نئے اور ممکنہ طور پر خطرناک فلیش پوائنٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔

امریکہ خطے میں اپنی کٹھ پتلیوں کے ذریعے خطے کے وسائل کی لوٹ مار جاری رکھنا چاہتا ہے۔ امریکہ کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ دھمکیاں اور پابندیاں قوموں کی دشمنیاں ہی لاتی ہیں، ان سے کبھی بھی خیر برآمد نہیں ہوتی۔ امریکی اداروں میں پسماندہ ممالک میں مداخلت کرکے من پسند افراد کو نوازنے کی غلط  روایت موجود ہے، جس کا خمیازہ ان ممالک کو بھگتنا پڑتا ہے۔ امریکہ کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ یہ تعاون اور باہمی مفادات کے تحفظ کا دور ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ اپنے مفادات کا تحفظ کریں اور دیگر اقوام کے ساتھ تیسرے درجے کا سلوک جاری رکھیں۔ معاشی دباو کی پالیسی کے نتائج آپ کے سامنے ہیں، اس نے آپ کے دوستوں میں کمی کی ہے اور دشمنوں میں اضافہ کیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ  ایران آنے سے پہلے سعودی عربیہ اور ترکی کا دورہ کرچکے ہیں اور ایران کے بعد عرب امارات، بحرین اور عمان کے لیے روانہ ہوں گے۔ یہ چائینہ کی اقتصادی سفارتکاری کے جارحانہ اظہار کا موقع ہے۔ چائنہ بڑی تیزی سے خظے میں اقتصادی رابطے کے لیے انفراسٹکچر پر کام کر رہا ہے۔ ون بیلٹ منصوبے میں چائینہ خلیجی ممالک کو شامل کرنا چاہتا ہے۔ چائینہ کے وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ چائینہ کے خطے کے ممالک اور ایران میں بات چیت کرا سکتا ہے۔ اس معاہدے سے چار سو ارب ڈالر کی انویسمنٹ آئے گی، جہاں ایران کے داخلی مالی مسائل درست ہوں گے، وہیں یہ معاہدہ مڈل ایسٹ میں طاقت کے توازن کو تبدیل کرنے جا رہا ہے۔ یہ معاہدہ امریکی مقاصد پر کاری ضرب ہے، امریکہ یہ چاہتا تھا کہ ایران تنہائی کاشکار ہو جائے اور مالی مجبوریاں اسے امریکہ کے پاس لوٹنے پر مجبور کر دیں، مگر اس کے برعکس ہوا ہے، ایران مالی طور پر مزید مستحکم ہونے جا رہا ہے۔
تحریر: ڈاکٹر ندیم عباس
 
 
 
Read 506 times