اہم ترین خبریںپاکستان کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت، عمران خان رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے مشکور

Rate this item
(0 votes)
اہم ترین خبریںپاکستان کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت، عمران خان رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے مشکور

شیعیت نیوز: دوشنبے میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم عمران خان اور برادر اسلامی ملک ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ بعدازاں اس ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے تجارت، اقتصادی و علاقائی روابط پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر گفتگو کی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کا مؤقف کشمیریوں کی حق خودارادیت جدوجہد کی طاقت کا ذریعہ ہے۔

 

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں افغانستان صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی، وزیراعظم عمران خان نے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چالیس سال بعد افغانستان میں تنازعات، جنگ کے خاتمے کا موقع ہے، وزیراعظم نے مثبت تعمیری عملی اقدامات اور عالمی برادری کے کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ایران کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ ایران کے صدر نے بھی وزیراعظم عمران خان کو دورہ ایران کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں خانہ فرہنگ ایران کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے کی انتہائی قیمتی صلاحیتیں ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک خطے کے ممالک بالخصوص ہمسایہ ملک پاکستان سے تعلقات کے فروغ اور علاقائی تعاون پر پُختہ عزم رکھتا ہے، پاک، ایران تعلقات دو ہمسایہ ممالک سے کہیں زیادہ آگے ہیں، ہمیں اغیار کی سازشوں کو ان اچھے تعلقات پر خلل ڈالنے کی اجارت نہیں دینی ہوگی۔

آیت اللہ رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان طویل مشترکہ سرحدوں اور ان سرحدی علاقوں میں اقتصادی تعلقات کے فروغ کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کا قیام، ان علاقوں کی اقتصادی اور تجارتی لین دین کی اہم صلاحیتوں کو فعال کرسکتا ہے اور ان علاقوں کی خوشحالی میں اضافے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔ انہوں نے افغانستان کی تبدیلیوں سے متعلق ایک مشترکہ اجلاس کے انعقاد کیلئے پاکستانی وزیراعظم کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں افغانستان میں ایک جامع حکومت کے قیام میں مدد کرنی ہوگی، جس میں تمام افغان سیاسی اور نسلی گروہ شامل ہوں۔ افغانستان کے مصائب کے حل کا کلید، جامع حکومت کا قیام اور اس ملک کے اندرونی معاملات میں اغیار کی عدم مداخلت ہے۔ سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ افغانستان میں امریکی اور مغربی افواج کی 20 سالہ موجودگی سے 35 ہزار سے زائد افغان بچوں اور ہزاروں مردوں اور عورتوں کے قتل، تباہی اور بے گھر ہونے کے سوا کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوا۔ امریکی فوجیوں کا انخلا، افغانستان میں جمہوری حکومت بنانے اور ملک اور خطے میں امن لانے کا ایک تاریخی موقع ہے۔

 

 

اس موقع پر پاکستانی وزیراعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران کیجانب سے پاکستان سے متعلق برادرانہ اور تعمیری موقف اپنانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران سے کثیرالجہتی تعلقات بالخصوص نقل و حمل کے میدان میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی سطح کو بہتر بنانے سے مثبت علاقائی اور عالمی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام، علاقے اور دنیا کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔ اگر افغانستان میں ایک جامع حکومت کا قیام نہ ہو تو اس ملک کے مسائل شدت اختیار کر جائیں گے اور اس کے نقصانات کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں پاکستان اور ایران پر ہوں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کو افغانستان میں ایک جامع حکومت کے قیام میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے ایک دوسرے کیساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

افغانستان میں اقتدار کی منتقلی کے بعد پاکستان اور ایران کی اعلیٰ قیادت کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے، جس میں افغان صورتحال اور اس کے خطہ پر مرتب ہونے والے اثرات کے تناظر میں اہم بات چیت ہوئی، تاہم اس ملاقات میں پاکستان کے دیرینہ مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے ایران کی اعلیٰ قیادت یعنی رہبر انقلاب اسلامی کی مکمل اور تسلسل کیساتھ حمایت پر اظہار تشکر اہم ترین پیشرفت ہے۔ واضح رہے کہ پاک، ایران تعلقات کی مخالف قوتیں ماضی میں ایران اور بھارت کے تعلقات کے تناظر میں کشمیر پر ایرانی قیادت کی حمایت نہ کئے جانے کا پروپیگنڈا کرتی رہی ہیں۔ عمران خان کی جانب سے آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی کشمیر ایشو پر حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرنا نہ صرف اس پروپیگنڈے کا بھرپور جواب ہے، بلکہ یہ اعتراف بھی ہے کہ جس طرح رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کیلئے سب سے توانا آواز بلند کرتے ہیں، اسی طرح وہ کشمیری مسلمانوں کیلئے بھی وہی جذبات رکھتے ہیں۔

Read 701 times