پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان ﷺ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

Rate this item
(0 votes)
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان ﷺ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آج کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

اس موقع پر مساجد میں دین اسلام کی سر بلندی، مسلم امہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی و فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

میلاد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں حکومتی اور مذہبی تنظیموں، میلاد کمیٹیوں اور لوگوں کی جانب سے جلسے جلوس، سیرت النبی ﷺ کانفرنسز، سیمینار سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں علما، آئمہ حضرات مساجد میں سیرت النبی ﷺ اور حیات طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادت کے دن کی خوشی میں گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں، شاہراہوں کو سبز پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیا سے دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

 

اس سال وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر 3 سے 12 ربیع الاول تک مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی سطح پر عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ منایا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  رواں سال بھی وزارت مذہبی امور کی طرف سے سرکار دوعالم ﷺ کی سیرت طیبہ اور حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے کتب سیرت، کتب نعت، مقالات سیرت اور خواتین کے لیے مذہبی کتب کے مقابلے منعقد کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور فارن مشنز میں بھی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

12ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے غیر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کی سزاؤں میں 3 ماہ کی تخفیف بھی کی گئی۔

علاوہ ازیں عیدمیلاد النبی ﷺ کی تمام تقاریب کے انعقاد کے موقع پر کووڈ 19 کے ایس او پیز کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات اور ٹریفک پلانز جاری کیے گئے ہیں۔

 
 
Read 591 times