ایرانی صدر کی بین الاقوامی تعلقات میں اکو تنظیم کی پوزیشن کو مضبوط و مستحکم بنانے پر تاکید

Rate this item
(0 votes)
ایرانی صدر کی بین الاقوامی تعلقات میں اکو تنظیم کی پوزیشن کو مضبوط و مستحکم بنانے پر تاکید

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ترکمنستان کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے اقتصادی تعاون تنظیم اکو کے پندرہویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی تعلقات میں اکو تنظیم کی پوزیشن کو بڑھانے اور مضبوط بنانے پر تاکید کی ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران مرکزی، جنوبی اور مغربی ایشیائي ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے آمادہ ہے ۔ ہمسایہ ممالک اور علاقائي تنظیموں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ایران کی ترجیحی پالیسیوں کا حصہ ہے۔

علاقائی تنظیموں کا دو جانبہ اور چند جانبہ تعلقات میں اہم کردار

ایرانی صدر سید ابراہیم رئيسی نے علاقائی تنظیموں کی دو جانبہ اور چند جانبہ تعلقات میں سہولیات فراہم کرنے میں اہم نقش ادا کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اہم تنظیموں میں اقتصادی تعاون تنظیم اکو بھی شامل ہے۔ اکو کو اپنی مادی ظرفیت سے خطے میں اقتصادی رونق اوراقتصادی فروغ کے سلسلے میں اپنے اہم کردار کو ادا کرنا چاہیے۔ اکو تنظیم کے رکن ممالک کی کل آبادی 500 ملین افراد پر مشتمل ہے۔ اس کے پاس دنیا کی ایک تہائی انرجی موجود ہے جبکہ چین، روس، یورپ ، خلیج فارس اور بحر ہند کے ساتھ بھی اس کے اچھے تعلقات ہیں۔ اکو تنظیم کے پاس جوان نسل کا ذخیرہ موجود ہے اور یہ تنظیم اسلام کے ممتاز تشخص کی حامل ہے۔

پانی کے متقاضی ممالک منجملہ ایران کو پانی کی ترسیل پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اکو تنظیم سے خطاب میں کہا کہ پانی کے متقاضی ممالک منجملہ ایران کو پانی کی ترسیل کے منصوبے پر کام ہونا چاہیے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ ایران بھی رکن ممالک کو گیس اور تیل کے شعبوں میں تعلیم و تربیت فراہم کرنے اور گیس و تیل کی ترسیل کو فروغ اور توسیع دینے کے لئے آمادہ ہے۔

ایران کی اکو پولیس کی تشکیل کی تجویز

ایرانی صدر نے اقتصادی تعاون تنظيم اکو کے رکن ممالک کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ایران اکو کے رکن ممالک کے ساتھ ثقافتی اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے آمادہ ہے اور اکو پولیس کی تشکیل اور عدالتی شعبوں میں بھر پور تعاون پیش کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔

سیاسی جغرافیائی تبدیلی بحران کا باعث

ایرانی صدر نے کہا کہ سیاسی جغرافیائی حدود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سیاسی بحران کا باعث بنتی ہے اور اس سے خطے میں عدم استحکام کی فضا پیدا ہوتی ہے۔ قفقاز کے ممالک کو چاہیے کہ وہ بین الاقوامی سرحدوں کی حفاظت اور باہمی احترام  کی روشنی میں اختلافی مسائل کو حل کرنے کی تلاش و کوشش کریں۔

اکو کو افغان عوام کی حمایت جاری رکھنی چاہیے

صدر ابراہیم رئیسی نے افغانستان کے موجودہ اور سخت شرائط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اکو کے رکن ممالک کو افغانستان کی تعمیر نو، افغانستان کی اقتصادی توسیع اور افغان عوام کی حمایت پر توجہ مبذول کرنی چاہیے، افغانستان، اکو کے رکن  ممالک کی آغوش میں ہے اور ہمیں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

امریکی مفادات ہمارے علاقائي مفادات کے ساتھ سازگار نہیں

ایرانی صدر نے علاقائی اور عالمی سطح پر امریکہ توسیع پسندانہ اور ظالمانہ پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے اکو کی سرگرمیوں اور فعالیتوں کی حمایت کسی قید و شرط کے بغیر جاری ہے ۔ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں سے ایران کے پختہ عزم اور ارادے میں کوئی خلل ایجاد نہیں ہوا۔ امریکہ کا مشترکہ ایٹمی معاہدے سے خارج ہونا غیر قانونی اقدام تھا اور امریکہ نے عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کے خلاف مزید یکطرفہ پابندیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکی مفادات ہمارے علاقائی مفادات سے متصادم ہیں۔ علاقائي ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوکر ایکدوسرے کا تعاون کریں اور انسانی و اسلامی اخوت و برادری کا عملی طور پر ثبوت پیش کریں۔ ایران اس سلسلے میں ہر قسم کا تعاون پیش کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

Read 658 times