شہید قاسم سلیمانی کے جذبہ ایثار اور جذبہ قربانی کو تاریخ انسانیت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

Rate this item
(0 votes)
شہید قاسم سلیمانی کے جذبہ ایثار اور جذبہ قربانی کو تاریخ انسانیت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق ہندوستان کے ممتاز عالم دین ، لکھنؤ کے امام جمعہ اور مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی دوسری برسی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی کے جذبہ ایثار اورجذبہ قربانی کو تاریخ انسانیت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ شہید قاسم سلیمانی کے خدمات اور ایثار کو تاریخ انسانیت کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔انہوں نے جس طرح اسلام اور انسانیت کی خدمت کی وہ معمولی انسان کےبس کی بات نہیں ہے ۔انہوں نے عراق اور شام سے داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکا اور حرمہائے اہلبیت (ع) کی حفاظت کے لیے ہمیشہ سینہ سپر رہے ۔ مولانانے کہاکہ شہید سلیمانی اور شہید ابومہدی مہندس نے کبھی موت کی پرواہ نہیں کی ۔وہ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح تھے ۔دشمن ان کے نام سے بھی کانپتا تھا ۔انہیں جس طرح بزدلانہ حملے میں امریکی فوج نے شہید کیا وہ اس بات کی دلیل ہے کہ دشمن آمنے سامنے کی لڑائی میں ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا تھا ۔

مجلس علماء ہند کے سربراہ نے کہاکہ قاسم سلیمانی ائمہ معصومین علیہم السلام کے سچے فدائی اور پیروکار تھے ۔انہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام کے لیے وقف کردی تھی ۔امام جمعہ لکھنؤ نے کہا کہ ان کی شہادت کے بعد پوری دنیا بحران کا شکار ہے۔شہید کا خون بیکار نہیں جاتا بلکہ اس کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں ۔

Read 573 times