تحریک استقامت کے لئے ایران کی حمایت کی قدردانی

Rate this item
(0 votes)
تحریک استقامت کے لئے ایران کی حمایت کی قدردانی

 فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رکن محمود الزہار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کی تحریک استقامت کے لئے ایران کی حمایت قابل قدر ہے اور اس وقت ہم  وعد الآخرہ جنگ کے قریب پہنچ چکے ہیں جس کے لئے مسلسل تیاری کی جا رہی ہے۔
انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ تمام عرب و اسلامی اور دنیا کے سبھی ملکوں کے ساتھ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رابطے فلسطین کی آزادی کی کوششوں پر استوار ہیں جبکہ مصر کے ساتھ بھی حماس کے رابطے مکمل واضح ہیں اور یہ کہ مسئلہ فلسطین میں مصر کا کردار بہت اہمیت کاحامل ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رکن محمود الزہار نے غرب اردن میں صیہونیت مخالف استقامت اور کارروائیوں کے بارے میں بھی کہا کہ غرب اردن کے علاقوں میں فلسطینیوں کی تحریک استقامت ترقی و پیشرفت اور صیہونی حلقوں میں ہلچل مچانے کے اعتبار سے غزہ میں تحریک استقامت کا ہی نمونہ ہے اور ہم غرب اردن  میں استقامت کی تصدیق وحمایت اور ایک وسیع قومی جذبے اور جدوجہد جاری رکھے جانے کی صورت حال کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
دریں اثنا فلسطینیوں کی استقامتی کمیٹیوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو نذر آتش کئے جانے کی ترپن ویں برسی کے موقع پر کہا کہ مسجد الاقصی کے دفاع کا واحد طریقہ پورے علاقے میں غاصب صیہونی سرطانی غدہ کا صفایا کیا جانا ہے۔

العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی استقامتی کمیٹیوں نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو بدستور صیہونی سازشوں سے خطرہ لاحق ہے اور اس مسجد کا دفاع متحد ہوکر ہتیھاروں کو استعمال کرکے ہی کیا جا سکتا ہے اور اس کام  کے لئے پورے علاقے سے صیہونی سرطانی غدے کا صفایا کیا جا نا ضروری ہے۔
دریں اثنا فلسطینیوں کی استقامتی کمیٹیوں کے ترجمان ابو مجاہد نے کہا ہے کہ صیہونی منصوبوں کے تحت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے دائرے میں بیت المقدس کے خلاف تیار کی جانے والی سازش کو سمجھتے ہوئے اور اسے ناکام بنانے نیز مسجد الاقصی کو نجات دلانے کے لئے پوری امت مسلمہ کو چاہئے کہ متحد ہواور غاصب صیہونی حکومت کی ساری سازشوں اور منصوبوں پر پانی پھیر دے۔
فلسطینیوں کی استقامتی کمیٹیوں کے ترجمان نے غزہ و غرب اردن، بیت المقدس اور مقبوضہ علاقوں میں موجود تمام فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کو بچانے کے لئے وسیع پیمانے پر میدان عمل میں اپنی موجودگی سے زمان و مکان کے لحاظ سے مسجد الاقصی کی تقسیم سمیت ساری سازشوں کو ناکام بنادیں۔ 

Read 424 times