ایرانی صدر "آیت اللہ رئیسی"چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

Rate this item
(0 votes)
ایرانی صدر "آیت اللہ رئیسی"چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی سرکاری دعوت پر کچھ دیر پہلے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق، ایرانی صدر کا ائیرپورٹ پر چینی وزیر سیاحت کی جانب سے استقبال کیاگیا اور کچھ ہی دیر بعد باضابطہ استقبال کیا جائے گا اور  آیت اللہ رئیسی شی جن پنگ کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے۔

بعد از آں دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی وفود کی بات چیت ہوگی۔ ساتھ ہی دونوں صدور مملکت کی موجودگی میں باہمی تعاون کی اسناد پر دستخط کی تقریب بھی انجام پائے گی۔

خیال رہے کہ دورے کے دوران آیت اللہ رئیسی ایرانی اور چینی تاجروں اور کاروباری طبقے کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ ایرانی صدر چین میں مقیم ایرانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

نمایاں چینی دانشوروں کے ساتھ ملاقات اور بات چیت بیجنگ میں آیت اللہ رئیسی کے دیگر طے شدہ پروگراموں میں شامل ہوگا۔

خیال رہے کہ دورہ چین میں صدر رئیسی کے ہمراہ وزراء اور کابینہ کے ارکان کا ایک گروپ بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ آیت اللہ رئیسی نئے چینی سال میں چینی صدر کے پہلے اعلیٰ سطحی مہمان ہیں۔

Read 292 times