حیاتِ زینبی کا تحلیلی مطالعہ

Rate this item
(0 votes)
حیاتِ زینبی کا تحلیلی مطالعہ

 

 

 

حوزہ نیوز ایجنسی | امیر المؤمنین علیہ السلام اور فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی صاحبزادی حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا پانچویں ہجری میں پیدا ہوئیں ۔ آپ نے عبداللہ بن جعفر بن ابی طالب سے شادی کی اور آپ کے دو بیٹے محمد اور عون تھے۔ آپ میں فصاحت و بلاغت ، شجاعت اور بہادری جیسی بے شمار خوبیاں تھیں اور آپ نےواقعۂ کربلا میں خصوصی کردار ادا کیا اور آخر کار سنہ 63 ؍ہجری یا 65 ؍ہجری میں سرزمین شام پر داعئ اجل کو لبیک کہا۔

حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ولادت اور لقب
امیر المومنین علیہ السلام اور فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سب سے بڑی بیٹی حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ولادت امام حسین علیہ السلام کے بعد ہجرت کے پانچویں سال یعنی جمادی الاولیٰ کی پانچویں تاریخ کو مدینہ میں ہوئی۔ آپ کی کنیت امّ کلثوم اور آپ کے القابِ گرامی عقیلہ بنی‌ہاشم، عقیلہ طالبیین، عالمہ، موثقہ، عارفہ، محدثہ، فاضلہ، کاملہ، زاہدہ، و عابدہ آل علی، معصومہ صغری، صدیقہ صغری، امینۃ‌اللہ، بلیغہ، فصیحہ، نائبہ الزہراء، نائبۃ الحسین، شریکۃ الشہداء ہیں۔آپ نےاپنی والدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور اسماء بنت عمیس سے روایتیں نقل کیں ہیں ۔ جناب زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے چچا زاد عبداللہ بن جعفر سے شادی کی اور پانچ بچے یادگارچھوڑے جن کے نام علی بن عبدالله بن جعفر، عون بن عبدالله بن جعفر، عباس بن عبدالله بن جعفر، محمد بن عبدالله بن جعفر و امّ کلثوم تھے ۔

حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب
شیعہ اور سنی مؤرخین و مصنفین نے اس عظیم خاتون کی بہت سی نمایاں خصوصیات کا ذکر کیا ہے۔ مامقانی اس سلسلے میں لکھتے ہیں: "زَیْنَبُ و ما زَیْنَبُ؟ وَ ما اَدریکَ ما زَیْنَبُ؟ هِیَ عَقیلَهُ بَنی هاشِمٍ وَ قَدْ حازَتْ مِنَ الصِّفاتِ الْحَمیدَهِ ما لَمْ یُحزْها بَعْدَ اُمِّها أحَدٌ حَتی حَقَّ اَنْ یُقالَ هِیَ الصِدّیقَهُ الصُغْری، هِیَ فِی الْحِجابِ والْلِفّافِ مَزیدَهٌ لَمْ یَر شَخْصَها أحَدٌ مِنَ الرِّجالِ فی زَمانِ اَبیها وَ اَخَویها الاّ یَومَ طَّفِّ وَ هِیَ فِی الصَّبْرِ وَ الثَّباتِ وَ قُوَّهِ الایمانِ وَالتَّقوی وَحیدَهٌ وَ هِیَ فِی الْفَصاحَهِ وَ الْبَلاغَهِ کَاَنَّها تَفْرَغُ عَنْ لِسانِ أمیرِالمؤمنین علیه السلام ..."؛ زینب! زینب کون ہے؟! آپ کو کیا پتہ کہ زینب کیا ہے؟ آپ عقیلۂ بنی ہاشم ہیں جو تمام صفاتِ حمیدہ میں سب سے افضل ہیں اور ان پر ان کی والدہ کے علاوہ کسی کو فضیلت حاصل نہیں ہے، یہاں تک کہ اگر ہم کہیں کہ آپ "صدیقہ صغریٰ" ہیں تو ہم درست ہیں۔ عفّت و حجاب کا یہ حال تھا کہ ان کے والد اور بھائیوں کے دور میں سوائے واقعہ کربلا کے کسی مرد نے انھیں نہیں دیکھا۔ آپ صبر و استقامت اور ایمان و تقویٰ میں بے مثال تھیں اور فصاحت و بلاغت میں آپ امیر المؤمنین کی زبان بولتی نظر آتی ہیں۔یہ دعویٰ کسی سے پوشیدہ نہیں جو آپ کے خطبات پر تھوڑی سی توجہ اور غور و فکر کرے۔ اگر ہم آپ کی عصمت کی بات کریں تو اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، خاص کر وہ شخص جسے کربلا اور اس کے بعد کے حالات کا علم ہو ۔ اگر جناب زینبسلام اللہ علیہا میں یہ خوبی نہ ہوتی تو امام حسین علیہ السلام امام سجاد علیہ السلام کی بیماری کے دوران امامت کا بوجھ آپ کے کندھوں پر نہ ڈالتے اور انہیں اپنا وصی مقرر نہ کرتے اور امام سجاد بھی انہیں بیانِ احکام میں نیابتِ خاصّہ نہ دیتے۔
جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پہلی بار انھیں گلے سے لگایا اور بوسہ دیا تو فرمایا: میں اپنی امت کے حاضر و غائب کو حکم دیتا ہوں کہ اس لڑکی کی حرمت کا خیال رکھیں؛ درحقیقت یہ خدیجۂ کبریٰ کی طرح ہے ۔
اس تمثیل سے ظاہر ہوتا ہے کہ زینب کبریٰ اخلاقی اور عملی خصوصیات میں اپنی جدہ ماجدہ خدیجۂ کبرٰ کی طرح نمایاں ہوں گی۔ جس طرح وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دوست اور حامی تھیں اور اسلام کی ترقی میں ان کا نمایاں کردار تھا، حضرت زینب سلام اللہ علیہا بھی امام حسین علیہ السلام اور آپ کی تحریک کے حوالے سے ایسا ہی کردار ادا کریں گی۔
متعدد مؤرخین نے ذکر کیا ہے کہ امام حسین علیہ السلام اپنی بہن زینب کے لیے خاص احترام کا خیال رکھتے تھے ، یہاں تک کہ انھوں نے لکھا ہے: جب آپ تشریف لاتیں تو امامؑ آپ کی تعظیم کے لیے کھڑے ہوجاتے تھے اور انھیں اپنی جگہ پر بٹھاتے تھے۔ یہ بھی روایت ہے کہ ایک دن جناب زینب امام کے پاس آئیں جب کہ امام قرآن کی تلاوت کررہےتھے۔ امام نے قرآن مجید کو زمین پر رکھا اور زینب کی تعظیم کے لیے اٹھے ۔ امام حسین علیہ السلام کا اپنی بہن کے بارے میں اس طرح کا احترام آپ کی نظر میں اس خاتون کے بلندئ مرتبہ کی دلیل ہے۔
عقیلہ بنی ہاشم کی زندگی کا سب سے اہم حصہ ان کا کربلا کا تاریخی سفر اور اس کے بعد آپ کی اسیری ہے، جو تحریک حسینی میں آپ کے کردار کی وضاحت کرتا ہے ۔
زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا نے عصرِ عاشورا امام حسین اور امام سجاد علیہ السلام کی طرف سے اہل بیت کی قیادت سنبھالی اور کوفہ ، شام اور مدینہ میں شہداء کے خون کا پیغام پہنچایا اور اس عظیم قیادت کو بخوبی انجام دیا ۔
جناب زینب سلام اللہ علیہا اور قیدیوں کے قافلے کی نگرانی
حسینی تحریک میں زینب کا کردار مختلف جہتوں کا حامل ہے، جن میں قیدیوں کے قافلے کی سربراہی اور امام زین العابدین کی دیکھ ریکھ شامل ہے۔ بہت سے مورخین نے بیان کیا ہے کہ زینب نے شبِ عاشورہ اور اس کے بعد زین العابدین کا پورا پورا خیال رکھا ۔
امامؑ کی شہادت اور دشمن کے ہاتھوں خیموں کو جلانے کے بعد آپ نے خواتین اور بچوں کو آدھے جلے ہوئے خیمے میں جمع کیا اور ان کی حفاظت اور نگہداشت کی ذمہ داری سنبھالی ۔ آپ نے قید کے دوران دیگر ہاشمی خواتین کے تعاون سے یہ کام بھی بخوبی انجام دیا ۔
اسیروں کے قافلے کے گزرنے اور امام زین العابدین علیہ السلام کی خاص صورت حال کے دوران زینب کبریٰ امام زین العابدین علیہ السلام کی مدد کے لیے دوڑتی رہیں اور اسی دوران امام کومخاطب کر کے کہتی ہیں: اے میرے دادا، والد اور بھائیوں کی یادگار! یہ کیا کیفیت ہے جو میں تم میں دیکھ رہی ہوں؟ گویا آپ زندگی سے ہار مان رہے ہیں ؟
امام سجاد علیہ السلام نے جواب دیا: جب میں اپنے سید و مولا، اپنے بھائیوں ، چچا اور چچا زاد بھائیوں کو خون میں لت پت اس صحرا میں پڑا ہوا پاؤں تو میں کیسے بے صبری نہ کروں؟ ؛
اپنے بھتیجےکو تسلی دینے کے لیے، زینب نے ام ایمن کی حدیث آپ سے بیان کی ۔
امام حسین علیہ السلام کی بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا کہتی ہیں: جب دشمن کے سپاہیوں کے نیزے کی ضرب نے مجھے بے ہوش کر دیا اور جب میں ہوش میں آئی تو میں نے اپنا سر اپنی پھوپھی زینب کی گود میں دیکھا ، جو میرے اوپر رو رہی تھیں اور میری دیکھ بھال میں لگی تھیں۔

جناب زینب سلام اللہ علیہا اور امامت
امامت کے سلسلے میں زینب سلام اللہ علیہا کا کردار مختلف زاویوں سے قابل بحث ہے: امامت کے مقام کے بارے میں ان کا علم اور فہم ، امام کی غیر مشروط پیروی ، امام حسین علیہ السلام اور امام سجاد علیہ السلام کو متعارف کرانے کی کوششیں ، ناروا تہمتوں سے بچاؤ اور امام معصوم کی زندگی کی حفاظت اس سلسلے میں آپ کے کردار کا ایک حصہ ہے ۔ بطور نمونہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا امام حسین علیہ السلام کے تعارف میں اپنے معرکۃ الآراء خطبہ میں فرماتی ہیں: تم اس ذلت کے داغ کو کیسے دھووؤ گے جب کہ تم نے فرزند رسول اور جوانان جنت کے سردار کو قتل کردیا ہے ؟ جو جنگ تمہارا مضبوط قلعہ اور پناہ گاہ تھا اور صلح میں یہ تمہاری تسکین اور آرام کا ذریعہ تھا ؛
یا جب یزید امام کے ہونٹوں اور دانتوں پر چھڑی مارتا ہے تو آپ پکار اٹھتی ہیں: اے یزید تیرے ہاتھ کٹ جائیں ! کیا تو جانتا بھی ہے کہ تو کیا کر رہا ہے؟ کیا تو جانتا ہے کہ رسول خدا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ کے حیبیب ، مکہ و مِنیٰ اور فاطمہ زہرا کے بیٹے کے ہونٹوں اور دانتوں پر چھڑی مارتا ہے؟
ایک اور جگہ جب جناب زینب سلام اللہ علیہا اور یزید کا آمنا سامنا ہوااور اس ملعون نے آپ سے کچھ پوچھنا چاہا تو آپ نے امام زین العابدین علیہ السلام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: "اپنا سوال ان سے پوچھ" ۔ ایسا کرکے جناب زینب سلام اللہ علیہا نے امام اور رہبر کا تعارف کرانا چاہا۔
کوفہ و شام میں اور ابن زیاد اور یزید کی مجلس میں آپ کے خطبات اور تقاریر کا ایک حصہ امام کے تعارف میں اور تحریف کو روکنے میں تھا جس نے کوفہ اور خاص طور پر شام میں بنیادی تبدیلی لائی اور لوگوں کو متاثر کیا۔ جو انہیں خارجی سمجھتے تھے۔

امام معصوم کی جان کی حفاظت
عاشورہ کے واقعہ میں جناب زینب سلام اللہ علیہا کی ایک اور کوشش امامت اور امام کا دفاع کرنا ہے ۔ کئی واقعات میں زینب نے اپنے مولا و امام امام سجاد علیہ السلام کی جان کو خطرے سے نکالا اور موت سے بچایا :
1. جب دشمن نے خیموں پر حملہ کر کے انہیں آگ لگا دی تو شمر نے امام سجاد علیہ السلام کو قتل کرنا چاہا۔ اس وقت حضرت زینب نے اپنے آپ کو امام کے سامنے لاکھڑا کیا اور کہا: ہمارا اتنا خون تمھارے لیے کافی ہے۔ میں خدا کی قسم کھا کر کہتی ہوں کہ میں اس سے جدا نہیں ہوں گی! اگر تم اسے قتل کرنا چاہتے ہو تو مجھے اس کے ساتھ مار ڈالو ۔
2. زینب نے کوفہ میں اسی بے لوث عمل کو دہرایا اور امام کو قتل ہونے سے روکا۔ شیخ مفیدؒ لکھتے ہیں: جب علی بن الحسین علیہ السلام ابن زیاد کے پاس پہنچے تو اس نے کہا: تم کون ہو؟ امامؑ نے کہا: میں علی بن حسین ہوں ۔ اس نے کہا: کیا اللہ نے اسے قتل نہیں کیا؟ امام نے جواب دیا: میرا ایک بھائی تھا جس کا نام علی تھا جسے لوگوں نے قتل کر دیا ۔ ابن زیاد نے کہا: نہیں، اللہ نے اسے قتل کر دیا۔ امام ؑنے فرمایا: موت کے وقت خدا ہی جانوں کو لیتا ہے:(اللَّهُ يَتَوَفَّى الْأَنْفُسَ حِينَ مَوْتِهَا وَالَّتِي لَمْ تَمُتْ فِي مَنَامِهَا فَيُمْسِكُ الَّتِي قَضَى عَلَيْهَا الْمَوْتَ وَيُرْسِلُ الْأُخْرَى إِلَى أَجَلٍ مُسَمًّى إِنَّ فِي ذَلِكَ لَآيَاتٍ لِقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ) ابن زیاد نے غصے میں آکر کہا: تم نے مجھے جواب دینے کی ہمت کی اور جو کچھ تم مزید کہنا چاہتے تھے وہ ابھی نہیں کہا، اسے لے جاؤ اور اس کا سر قلم کردو۔ اس وقت زینب نے امام کو گلے لگا لیا اور کہا: خدا کی قسم میں ان سے جدا نہیں ہوں گی! اگر تم اسے قتل کرنے کا ارادہ رکھتے ہو تو مجھے اس کے ساتھ قتل کر ڈالو ۔
ابن زیاد نے کچھ دیر ان کی طرف دیکھا اور کہا: خدا کی قسم ! میں اس عورت کو ایسے دیکھ رہا ہوں جیسے وہ چاہتی ہوکہ اسے بھی اس نوجوان کے ساتھ ماردیا جائے ۔ اسے چھوڑ دو، اس کی بیماری ہی اس کے لیےکافی ہے۔ کچھ دوسرے بیانات میں آیا ہے کہ اس نے کہا اسے چھوڑ دو تا کہ میں اس کے بارے میں بعد میں فیصلہ کروں ۔
3. واقعہ کربلا کے ایک راوی نے یزید کے سامنے یوں بیان کرنا شروع کیا: حسین اپنے چند اصحاب اور اہل و عیال کے ساتھ ہم سے لڑنے کے لیے آئے، لیکن ہم نے ان پر اس قدر حملہ کیا کہ ان میں سے بعض نے دوسروں کے پاس پناہ لینا شروع کردیا ۔ زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا کہ ہم نے ان سب کو مار ڈالا۔ اس اموی رپورٹر کے جواب میں زینب نے کہا : تجھ پر رونے والے روئیں ! اے جھوٹے سچ تو یہ ہے کہ میرے بھائی حسین علیہ السلام کی تلوار کی وجہ سے کوفہ میں کوئی گھر ایسا نہیں بچا جہاں اس گھر میں عورتوں اور مردوں کے رونے کی آواز یں نہ اٹھی ہوں ۔

ایثار و عرفان کی بلندی
علی علیہ السلام کی بیٹی زینب سلام اللہ علیہا ،اخلاق و عرفان اور فضیلت کے میدانوں میں بھی اپنے ہم عصروں کی رہنما تھیں ۔ اپنے والد علی علیہ السلام اور والدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی طرح آپ بھی علم ، شائستگی اور معرفت کے اعلیٰ درجات پر فائز تھیں۔ آپ کےا قول و افعال اس حقیقت کا ثبوت ہیں ۔ بہت سے مورخین کے مطابق ، آپ کو ابن زیاد کے غضبناک اور ملامت آمیز الفاظ کا سامنا کرنا پڑا جس نے کہا: تم نے اپنے خاندان کے ساتھ خدا کے کام کو کیسے دیکھا؟ تو آپ نے فرمایا: میں نے خیر کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ میرا خاندان وہ تھا جن کے لیے شہادت کی نعمت لکھی گئی جواپنی ابدی آرامگاہ کی جانب چل پڑے۔
زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا نے اس مقام پر آفاقی جملہ ارشاد فرمایا: "مَا رَأَيْتُ إِلَّا جَمِيلًا"؛ "یعنی میں نے خوبصورتی کے سوا کچھ نہیں دیکھا " یہ نہیں کہا کہ میں نے "کربلا" میں خوبصورتی کے سوا کچھ نہیں دیکھا اور مطلق خوبصورتی پر زور دیا ، یعنی میں نے ساری زندگی خوبصورتی کے سوا کچھ دیکھا ہی نہیں؛ خواہ کربلا میں ہو یا اس سے پہلے یا اس کے بعد۔ یہ الفاظ و بیان خدا پر مکمل اطمینان اور عرفان و شناخت اور خدا کی رضا پر راضی رہنے کا واضح اور اس کی ہر حال میں شکر گزاری کی بلندی کا اظہار کرتے ہیں، اور یہ صرف تبھی ممکن ہے جب خدا کے ساتھ الفت و رغبت انتہا درجے پر ہو۔
شہید محمد تقی برغانی علیہ الرحمہ کہتے ہیں: دنیائے عرفان میں زینب کو جو خاص مقام و مرتبہ حاصل ہے وہ امامت کے مقام کے قریب تھا ۔
زینب ایثار و قربانی کے معاملے میں بھی سرفہرست ہیں ، اس حد تک کہ آپ دین اور اپنے وقت کے امام کی خاطر اپنی اور اپنے بچوں کی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ پہلے مرحلے میں، آپ نے تمام دنیوی خواہشات کو ایک کنارے کردیا ، اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ رہ کرزندگی گزارنے کو خدا کی خاطر ترک کر دیا اور اپنے شوہر کی رضامندی سے اپنے بھائی کے ساتھ ظلم کی تباہی اور دین کی بلندی کے لیے دشمنوں سے لڑنے کے لیے سفر کیا۔ اور دین کی ترویج کی خاطراپنے دو نوجوانوں کے ہاتھ بھی پکڑے کربلا لے آئیں اور انہیں قربان گاہ اور امام کی مدد کے لیے بھیجا ۔ لیکن صرف اس خاطر کہ امام کو شرمندہ و خجل نہ دیکھیں اپنے بچوں کی لاشوں کے استقبال کے لیے بھی نہیں گئیں، جب کہ علی اکبر کی شہادت پر آپ امام حسین علیہ السلام کے بعد وہ پہلی شخصیت تھیں جو جنازے پر پہنچیں اور فریاد کی: اے میری جان! یادگارِ برادربیٹا! آپ نے خود کو علی اکبر کے جنازے پر گرالیا۔ امام حسین علیہ السلام انھیں اپنی بغل میں سنبھالا اور خیموں میں واپس لے آئے ۔ زینب دوسروں کی جان بچانے خاص طور پر اپنے وقت کے امام کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالتی رہیں، ، اور تمام مراحل میں دوسروں کو اپنے اوپر مقدم رکھتی رہیں۔ مورخین کے مطابق ، امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرتے ہوئے، زینب نے اپنا پانی کا حصہ استعمال نہیں کیا اور بچوں کو دے دیا کرتی تھیں ۔
کوفہ و شام کے راستوں کے درمیان ، اگرچہ آپ خود بھوکی اور پیاسی تھیں ، آپ نے اپنے کھانے کا حصہ بچوں کو دے دیا ۔ اسی وجہ سے کہا گیا ہے کہ: زینب نے ایثار و قربانی کو شرمندہ کردیا۔
یہ بات یاد رکھنے کے قابل ہے کہ چونکہ خواتین اور لڑکیوں کے درمیان عرفانی مباحث بہت زیادہ کشش رکھتےہیں اور اس کےبہت سے مداح ہیں اور دوسری طرف عرفان و کشف و شہود کے دعویداروں میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ مسلمان خواتین اور پیروکار اور وہ لوگ جو عرفان اور حقیقی عارفوں میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ زینب کبریٰ کو اچھی طرح سے پہچان لیں اور آپ کی تأسّی و پیروی کریں تاکہ وہ جھوٹے صوفیاء کے پھندے میں نہ پھنسیں ۔

مختلف سیاسی اور سماجی معاملات میں شرکت
اپنے الفاظ اور طرز عمل سے ،جناب زینب سلام اللہ علیہا نے مسلم خواتین کو دکھایا کہ معاشرے میں جو کچھ ہو رہا ہے ، خصوصاً سیاسی و سماجی صورتحال اور عوامی حقوق کے حوالے سے لاتعلقی برتنا ، اسلامی کردار اور طریقۂ کار سے بہت دور ہے ۔ اس معظمہ نے ہم سب کو سماجی وابستگی اور اہلکاروں کی کارکردگی کی نگرانی اور امر بہ معروف و نهی از منکر کرنا سکھایا۔
جنگ جمل کے وقت علی علیہ السلام کے مخالفین سے زینب کبریٰ کے آمنے سامنے ہونے کے دو واقعات نقل ہوئے ہیں جو آپ کی حق کی طرف وابستگی اور نیکی کا حکم دینے اور برائی سے منع کرنے کی جانب رجحان کو واضح کرتے ہیں۔ بطور نمونہ ،شیخ مفید علیہ الرحمہ کے مطابق جب علی علیہ السلام منزلِ ذی قار پہنچے اور طرفِ مخالف محترمہ کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے اپنی سہیلی کو ایک خط لکھا جس میں امام علی علیہ السلام کے بارے میں بہت بری بری باتیں لکھیں، بشمول یہ کہ وہ علی علیہ السلام کو ایک پاگل جانور سمجھتی ہیں کہ اگر تم اس کے قریب آئےتو تمھیں کاٹ کھائے اور پیچھے ہٹے تو جھپٹ پڑے گا۔
جب یہ خط محترمہ کی سہیلی کے پاس پہنچا تو وہ خوش ہوگئیں اور کچھ بچوں اور عورتوں کو جمع کیااور انھیں تبلے تھمادیئے اور تالیاں بجاتے ہوئے محترمہ کے خط کا مضمون پڑھنے کو کہا جس کے جملے تھے: ما الخبر ما الخبر ؟‍! علی فی ذقر، إنّ عليّاً كالأشقر، إن تَقَدّم عُقِر، وإن تأخّر نُحِر.جناب زینب عورتوں کے ایک گروپ کے ساتھ گمنام طور پر اس جگہ پہنچیں اور اپنے چہرے سے نقاب ہٹا کر فرمایا: إِنْ تَظَاهَرْتِ أَنْتِ وَ أُخْتُكِ عَلَى أَمِيرِ اَلْمُؤْمِنِينَ عَلَيْهِ اَلسَّلاَمُ فَقَدْ تَظَاهَرْتُمَا عَلَى أَخِيهِ رَسُولِ اَللَّهِ صَلَّى اَللَّهُ عَلَيْهِ وَ آلِهِ مِنْ قَبْلُ فَأَنْزَلَ اَللَّهُ عَزَّ وَ جَلَّ فِيكُمَا مَا أَنْزَلَ وَ اَللَّهُ مِنْ وَرَاءِ حَرْبِكُمَا ".جب انہوں نے آپ کو دیکھا تو دیوانہ وار خط کو پھاڑ ڈالا اور شرمندہ ہو کر تبلہ تالی چھوڑ بھاگ کھڑی ہوئیں۔ ۔
ایک اور روایت میں ہے کہ زوجۂ رسول ام سلمہ کے ساتھ آپ ان عورتوں کے پاس پہنچیں اور وہ بھاگ کھڑی ہوئیں۔ یا لکھا ہے: جب امام حسین علیہ السلام عراق جا رہے تھے اور ابن عباس نے اس سفر کو چھوڑنے کا مشورہ دیا جس پر امام نے انکار کیا تو پھر ابن عباس نے کہا: اگر آپ اس سفر پر جانے کے لیے مجبور ہی ہیں تو ایسا کریں کہ اپنے گھر والوں اور عورتوں کو ساتھ نہ لے جائیں۔ . اس وقت ایک گوشے سے ابن عباس کے کانوں تک ایک رندھی ہوئی آواز پہنچی جو کہہ رہی تھی: اے ابن عباس! کیا آپ کا مشورہ یہ ہے کہ ہمارے سید و سردار اور ہمارے آقا اس سفر پر جائیں اور ہمیں یہیں چھوڑ دیں؟ کیا زمانے نےاس کے علاوہ ہمارے لیے کوئی اورچھوڑا ہے؟ نہیں، کبھی نہیں، ہم اس کے ساتھ ہی جیئے گے اور اسی کے ساتھ مریں گے۔ یہ سن کر ابن عباس بہت روئے۔
بعض منابع میں آیا ہے کہ یہ الفاظ جناب زینب سلام اللہ علیہا کے ہی تھے ۔ اس بنیاد پر، اگرچہ آپ مدینہ میں اپنے شوہر عبداللہ بن جعفر کے ساتھ ایک باوقار زندگی گزار رہی تھیں اور اپنے خاندان کے ساتھ آرام سے زندگی گزار سکتی تھیں ، لیکن آپ نے ذمہ داری محسوس کی اور تحریک حسینی میں شمولیت اختیار کی ۔ مدینہ سے کربلا اور بالخصوص کربلا کے تمام مناظر میں آپ کی مؤثر اور فعال موجودگی تھی۔ ان سب کے علاوہ وہ اپنے دو بچوں کو بھی اپنے ساتھ قربان گاہ پر لے آئیں جو عاشورہ کے دن شہید ہوئے تھے ۔ عصرِ عاشورا کے بعد بھی امام کی صداقت کو ثابت کرنے اور اسلام کی قیادت میں انحراف کے خلاف جدوجہد کرنے میں آپ نے اپنا فرض بخوبی نبھایا۔ ابن زیاد اور یزید کے ساتھ جناب زینب سلام اللہ علیہا کا مقابلہ اور کوفہ اور شام میں آپ کے خطبات سب کچھ روشن اور واضح کررہے تھےاور امام حسین کی حقّانیّت کا بیّن ثبوت تھے۔ عقیلہ بنی ہاشم نے مدینہ واپس آنے پر اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں مان لیا بلکہ اس شہر کو لوگوں سے گفتگو کرنے اور انہیں امام حسین علیہ السلام کے خون کا بدلہ لینے کی دعوت دینے کا مرکز بھی بنایا ، یہاں تک کہ اموی نظام نے آپ کی موجودگی کو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے رکاوٹ تسلیم کرلیا اور آپ کو جلاوطن کر دیا ۔
بعض روایات میں آیا ہے کہ: جب زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا عورتوں اور بچوں کے ساتھ جب شام سے مدینہ آئیں تو آپ کے اور مدینے کے گورنرعمرو بن سعید اشدق کے درمیان اختلاف واقع ہوا ۔ اس نے یزید کو خط لکھا اور اس سے کہا کہ زینب کو مدینہ سے جلاوطن کرنے کی اجازت دے۔ یزید نے بھی اسے قبول کیا۔ اس کے بعد مدینہ کے گورنر نے حضرت زینب اور آپ کے ساتھیوں کے مصر جانے کا منصوبہ ترتیب دیا ۔ 61 ہجری میں جب کہ رجب کے مہینے میں چند دن باقی تھے آپ مصر میں داخل ہوئیں۔ امام صادق نے حسن مثنیٰ سے نقل کیا ہے: جب میری پھوپھی زینب مدینہ سے نکلیں کچھ خواتینِ بنی ہاشم بشمول میرے چچا زاد بھائی امام حسین کی بیٹی فاطمہ اور ان کی بہن سکینہ ان کے ساتھ تھیں۔

علم اور بصیرت
ایسی بہت سی مثالیں ہیں جو جناب زینب سلام اللہ علیہا کے علم و بصیرت پر روشنی ڈالتی ہیں ،یہاں ہم صرف کچھ کی جانب اشارہ کرنے تک محدود رہیں گے۔ سب سے اہم شاہد آپ کے بارے میں امام سجاد علیہ السلام کا فرمان ہے ، جنہوں نے فرمایا: "أَنْتِ بِحَمْدِ اللَّهِ عَالِمَةٌ غَيْرُ مُعَلَّمَةٍ فَهِمَةٌ غَيْرُ مُفَهَّمَةٍ"؛ (اے میری پھوپھی زينب!) آپ بحمد اللہ ایسی عالمہ ہیں جنھیں کبھی کسی معلم کی ضرورت نہیں پڑی اور ایسی صاحبِ حکمت ہیں کہ جنھیں کبھی کسی نے نہیں سکھایا۔ ۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنابِ زینب سلام اللہ علیہا کا علم عام لوگوں کے علم جیسا نہیں تھا یا آپ کا علم کَسْبی علم نہیں تھا بلکہ اللہ تعالیٰ نے ان میں جو قابلیت اور استعداد دیکھی تھی اس کی وجہ سے اس نے انھیں اپنے بہت سے علوم الہام کے ذریعے عطا کیے تھے ۔
بچپن ہی سے جناب زینب سلام اللہ علیہا حافظِ قرآن پاک تھیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی بہت سی احادیث آپ کو حفظ تھیں ۔ آپ کو فدک کے دفاع میں اپنی والدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا تاریخی خطبہ بھی حفظ تھا ۔ بچپن ہی سے آپ اس انداز میں بولتی تھیں کہ اپنے والد سمیت سب کو حیران کر دیتی تھیں۔
ایک دن حضرت زینب سلام اللہ علیہا اپنے والد کے زانو پر بیٹھی تھیں کہ آپ نے اپنے بابا سے پوچھا: کیا آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں ؟ حضرت نے فرمایا: میں تم سے محبت کیسے نہ کروں تم میری میوۂ دل ہو ۔ آپ نے کہا: میرے پیارے بابا ! محبت تو خدا کے لیے ہے اور ہمدردی اور مہربانی ہمارے لیے ہے ۔
ان روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو بچپن ہی سے علم و کمال حاصل تھا اور آپ کو مکتبِ رسالت و امامت ، عصمت و طہارت میں علم کے سرچشمے سے سیراب کیا گیا تھا ۔ آپ نے علمِ مَنَیَا و بَلَایَا اپنے والد سے سیکھا تھا اور رُشید ہجری اور میثم تمّار جیسے بہت سے اصحاب کی طرح آپ کے پاس بھی ایسے راز تھے جو آپ کے والدین اور بھائیوں نے آپ کو سکھائے تھے ۔ آپ کے فضل اور علم پر دلالت کرنے والی دوسری چیزوں میں سے یہ بھی ہے کہ بیان ہوا ہے: قرآن کریم کی تفسیر کے لیے عقیلۂ بنی ہاشم ایک مخصوص مجلس منعقد فرماتی تھیں جو خاص طور پر خواتین کے لیے تھی ، اس طرح کہ اسے خواتین کے لیے مذہبی احکام بیان کرنے کا مرکزی مقام بھی سمجھا جاتا تھا ۔ ابن عباس جو کہ علی علیہ السلام کے ایک ممتاز اور ہونہار طالب علم اور قرآن کے عظیم مفسر ہیں ، جنہیں حبر الامہ کہا جاتا ہے، کچھ مشکل مسائل میں زینب کی خدمت میں حاضر ہوتے اور ان سے حل طلب کیا کرتے تھے۔ . انہوں نے جناب زینب سلام اللہ علیہا سے کچھ احادیث نقل کیں ہیں اور فخر سے کہا: "ہماری عقلمند خاتون زینب نے ہمیں حدیث سنائی ۔" ؛
یہی کافی ہے کہ آپ بنی ہاشم میں عقیلہ (عقلمند خاتون) کے نام سے مشہور تھیں۔
ابن عباس نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا سے جو روایتیں نقل کی ہیں ان میں آپ کی والدہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا فدک کے بارے میں خطبہ بھی ہے ۔ یہ خطبہ بہت سے سنی علماء نے آپ سے نقل کیا ہے۔ جناب زینب سلام اللہ علیہا کے خطبات اور ابن زیاد اور یزید کو آپ کے جوابات بھی آپ کی علمی حیثیت اور قرآن کریم کی تفسیر میں اعلیٰ صلاحیت کا واضح ثبوت ہیں۔
حضرت زینب امام حسین علیہ السلام اور امام سجاد علیہ السلام کی طرف سے شرعی مسائل کا جواب دیتی تھیں اور یہ ان کے علم اور اسلامی تعلیمات سے واقفیت کا ایک اور ثبوت ہے ۔
شیخ صدوق علیہ الرحمہ بیان کرتے ہیں: "كَانَتْ زَيْنَبُ لَهَا نِيَابَةٌ خَاصَّةٌ عَنِ الحُسَيْنِ وَ كَانَ النَّاسُ يَرجِعُونَ إلَيْهَا فِي الحَلالِ وَ الحَرامِ حَتي بَرِِيءَ زَيْنُ الْعَابِدِين مِنْ مَرَضِه" جناب زینب امام حسین علیہ السلام کی جانب سے نیابتِ خاصّہ کے درجے پر فائز تھیں، اور لوگ حلال و حرام کے معاملات میں آپ کی طرف رجوع کیاکرتے تھے، یہاں تک کہ حضرت زین العابدین کے صحت یاب ہوجانے کے بعد بھی۔ ایسا ہی بیان علامہ مامقانی کا بھی ہے۔

فصاحت و بلاغت
بہت سے شیعہ اور سنی مصنفین نے جناب زینب سلام اللہ علیہا کی فصاحت کے بارے میں بات کی ہے۔ ابو نصر لبنانی اس سلسلے میں لکھتے ہیں: "لیکن فاطمہ کی بیٹی زینب نے یہ واضح کردیا کہ وہ تمام اہل بیت میں سب سے زیادہ بہادر، فصیح و بلیغ تھیں، اس حد تک کہ آپ فصاحت و بلاغت میں ضرب المثل بن گئی۔ "
کوفہ میں اس عظیم خاتون کا خطبہ اور ابن زیاد اور یزید کی مجلس میں آپ کی تقریر آپ کی فصاحت و بلاغت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ راوی کہتا ہے: جب علی کی بیٹی نے کوفہ میں بولنا شروع کیا تو گویا علیؑ کی زبان اس کے منہ میں تھی۔ تمام سخن شناسوں نے کہا ہے کہ علوی فصاحت اور مرتضوی بلاغت ان کی بیٹی زینب تک پہنچی ہے اور سب اس بات پر متفق ہیں کہ آپ علی علیہ السلام کے بعد سب سے زیادہ فصیح و بلیغ تھیں ۔
ابن زیاد کی مجلس میں جناب زینب سلام اللہ علیہا کے الفاظ اتنے فصیح و بلیغ تھے کہ ابن زیاد نے کہا: یہ عورت سجع میں بولتی ہے۔خدا کی قسم ! اس کا باپ مسجّع و مرسّع کلام بولتا تھااور شاعر تھا۔ اس کے جواب میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے فرمایا: مجھے سجع گوئی سے کیا سروکار؟ یہ الفاظ فرض ادا کرنے کے لیے دل سے نکلے اور زبان پر آگئےہیں۔

بصیرت اور آئندہ نِگری
بصیرت اور آئندہ نِگری عقیلہ بنی ہاشم سلام اللہ علیہا کی ایک اور نمایاں خصوصیت تھی ۔ دین کا صحیح فہم ، امام اور حجتِ خدا کی شناخت ، دوست اور دشمن کی پہچان، صحیح اور غلط کا ادراک، آپ کی بصیرت اور آئندہ نِگری کا ثبوت ہے ۔ آپ کی باتیں ، خاموشی اور موقف سب اسی خصوصیت پر مبنی تھے۔ علی علیہ السلام نے حقیقی جنگجوؤں کا تذکرہ یوں کیا ہے: انہوں نے اپنی بصیرت کو اپنی تلواروں پر سوار کر لیا ؛
یعنی اگر وہ میدان میں تلواریں چلارہے ہیں تو یہ ان کی بصیرت کی وجہ سے ہے۔ عاشورا کے عظیم جہاد میں شریک مجاہدین مذکورہ قول کی حقیقی مثال تھے؛ کیونکہ وہ بغیر کسی مقصد کے کربلا نہیں آئے تھے وہ اپنے راستے اور رہبر کی حقانیت پر یقین رکھتے تھے ۔ انہوں نے پوری بصیرت کے ساتھ اس راستے پر قدم رکھا تھا۔ اس لیے مشکلات اور پریشانیوں نے انہیں اپنا سفر جاری رکھنے سے نہیں روکا۔ مثال کے طور پر جب حسینی قافلہ مکہ سے کربلا جاتے ہوئے خضیمیہ نامی مکان پر پہنچا اور وہاں ایک دن رات رکا تو اس صبح زینب اپنے بھائی کے پاس آئیں اور کہا: کل رات میں نے ہاتف کی آواز سنی جو کہہ رہا تھا:
أَلَا يَا عَيْنُ فَاحْتَفِلِي بِجَهْدٍ وَمَنْ يَبْكِي عَلَى الشُّهَدَاءِ بَعْدِي
عَلَى قَوْمٍ تَسُوقُهُمُ الْمَنَايَا بِمِقْدَارٍ إِلَى إِنْجَازِ وَعْدٍ
اے آنکھیں کوشش کر اور آنسوؤں سے بھر جا! میرے بعد ان شہیدوں پر کون روئے گا ؟ وہ گروہ جنھیں موت کھینچے لیے جارہی ہےجیسا کہ خدا نے مقدر کررکھا ہے، تاکہ اس کا وعدہ پورا ہو۔
امام نے فرمایا: اے بہن ! جو اللہ چاہے گا وہی ہوگا۔ جب زینب نے اپنے بھائی سے یہ سنا تو انھیں یقین ہو گیا کہ کوئی آفت آ گئی ہے۔ آپ کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے لیکن آپ نے خود پر قابو رکھا کہ کہیں اہل بیت کو پتہ نہ چل جائے۔
زینب کا انتخاب ہوشمندانہ ہے۔ یہ بھائی اور بہن کا معاملہ نہیں بلکہ فرض کی پکار اوراسلام کے دوست اور دشمن کی پہچان کا معاملہ ہے، جس نے انھیں امام علیہ السلام کے ساتھ کردیا اور کربلا لا پہنچایا ہے۔
اگر کوئی عام آدمی عاشورہ کی شام مقتل گاہ میں کھڑا ہوتا تو اسے لگتا کہ بس کہانی ختم ہےاور یہ واقعہ ہوا اور ختم ہوگیا لیکن جناب زینب سلام اللہ علیہا کی تیز نظر اور بصیرت، زمان و مکان کے پردے کو توڑ دیتی ہے اور اس شکست و ریخت میں فتح دیکھتی ہے اور اس موت میں حیات کو دیکھتی ہےکیونکہ اس کا ماننا ہے کہ اصل ناکامی منطق اور عقیدے کی ناکامی ہے اور اصل فتح نظریات اور عقیدے کی فتح ہےچاہے بظاہریہ ناکامی ہی نظر آتی ہو۔ کم نظر و کم ظرف دشمن نے اپنا تمام تر گھٹیا پن کھل کر دکھایااور پستی و رذالت کی ساریں حدیں پار کردی جو آپس میں فخریہ یہ بھی کہہ رہے تھے کہ گواہ رہو کہ ہم نے کیا کارنامہ کیا ہے۔ ان کا حساب کتاب یہ تھا کہ ہم نے اپنے سب سے بڑے مخالف کو مار ڈالا اور اس کے بچوں اور خاندان کو کشاں کشاں بے مقنعہ و چادر کر کے گھمایا اب لوگ کبھی حکومت کے خلاف قیام کرنے کا نہیں سوچیں گے اور ہماری حکومت ہمیشہ کے لیے بیمہ شدہ ہے لیکن جناب زینب سلام اللہ علیہا نے کئی مقامات پر اُسی بصیرت اور الٰہی بصیرت کی بنیاد پر خود پیش گوئی کی کہ اموی حکومت تباہ ہو جائے گی اور حسینؑ کا نام، مقصد اور راستہ زندہ رہے گا۔
جناب زینب سلام اللہ علیہا ہمیں زندگی کے تمام راستوں، پیروی اور حمایت، دوستی اور دشمنی کے ساتھ ساتھ کوئی بھی موقف اختیار کرنے میں بصیرت کی بنیاد پر عمل کرنا سکھاتی ہیں۔

جناب زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی قبر
حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی تدفین کے بارے میں تین آراء ہیں :
کچھ لوگوں نے مصر میں آپ کی قبر بیان کی ہے، کچھ نے دمشق کے علاقے کے مضافات میں،اور کچھ نے مدینہ و بقیع کو آپ کا مدفن قرار دیا ہے۔
قدیم ترین موجودہ دستاویز کے مطابق، جیسا کہ ہم نے ذکر کیا، واقعۂ کربلا کے بعد، جناب زینب سلام اللہ علیہا کو مصر جلاوطن کر دیا گیا اور وہیں آپ کا انتقال ہوا، اور الحمراء القصوی نامی جگہ پر دفن کیا گیا ۔
پرانے مؤرخین میں سے صرف عبیدلی کا خیال ہے کہ زینب 61 ہجری میں متعدد بنی ہاشم کے ساتھ مصر میں داخل ہوئیں اور وہاں گیارہ مہینے اور پندرہ دن مقیم رہیں اور 15 رجب 62 بروز ہفتہ کی صبح وفات پائی ۔
بعض نے اس قول کو رد کیا ہے اور کہا ہے کہ: مصر میں صحابہ کے مقبروں اور وہاں دفن ہونے والی زینب نامی شخصیات اور مصر میں داخل ہونے والوں کے بارے میں بہت سی کتابیں لکھی گئی ہیں ، لیکن ان میں سے کسی میں بھی علی کی بیٹی زینب سلام اللہ علیہا کا ذکر نہیں ہے ۔
علامہ سید محسن امین جیسے کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ زینب کبریٰ مدینہ اور بقیع میں دفن ہیں اور دمشق کے علاقے میں جن کی زیارت زینب کے طور پر ہوتی ہے وہ زینب صغریٰ ہیں جنھیں ام کلثوم کہا جاتا تھا ۔

اس نقطۂ نظر کے بارے میں بھی کہا گیا ہے کہ: بقیع اور مدینہ میں اس عظیم بی بی کے مزار کا کسی کتاب میں ذکر نہیں ہے۔ اگر ان کی قبر بقیع میں ہوتی تو وہ بلا جھجک اس کا ذکر کرتے؛ کیونکہ ایسے ایسےلوگوں کا ذکر کیا گیا ہے جن کا درجہ آپ سے بہت کم تھا ۔ چنانچہ مشہور قول کے مطابق آپ کو شام میں دفن کیا گیا ۔([1])


([1])۔ کتاب "حیاتِ زینبی کا تحلیلی مطالعہ" سے اقتباس تصنیف:سید لیاقت علی کاظمی الموسوی

Read 287 times