ہندوستان کے نامور عالم دین اور دارالسلام اسلامی مرکز پنجاب کے مفتی فضیل الرحمٰن ہلال عثمانی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق اور تعاون باہمی کی فضا قائم کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ ہم نے مسلک کو دین کی جگہ بٹھایا ہے۔ اگر ہم مسلک کو اپنی جگہ اور دین کو اپنی جگہ رکھیں تو اتحاد ممکن ہوسکتا ہے۔
مفتی فضیل الرحمٰن ہلال عثمانی نے کہا: عالم اسلام کو اس وقت سب سے زیادہ ضرورت اتحاد کی ہے۔ مسلمانوں کو جتنے بھی مسائل درپیش ہیں، ہم پر جو یلغار ہورہی ہے اور ہمیں جو چاروں طرف سے گھیرا جارہا ہے اس کی وجہ صرف یہی ہے کہ ہمارے صفحوں میں اتحاد کی کمی ہے۔ اگر ہم متحد ہوجائیں گے تو دنیا کی کوئی بھی طاقت ہماری طرف آنکھ اٹھاکر دیکھنے کی جرئت نہیں کرسکتی۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارا نام مسلم رکھا۔ ہم تو ہیں ہی اصل میں ایک۔ ہم تو بلاوجہ اپنے آپ کو خود متفرق کر لیتے ہیں ورنہ ہم تو ایک ہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بنایا ہی ایک ہے، اور ہمارے لئے اتحاد و اتفاق کا پہلو سب سے بڑھکر ہے۔
بین الاقوامی حج کانفرنس کو منعقد کرنے پر ایران کلچرل ہاوس اور دہلی حج کمیٹی کی سراہنا کرتے ہوئے مفتی فضیل الرحمٰن نے کہا: میں سمجھتا ہوں حج کانفرنس کامیاب رہی کیونکہ اس سے اتحاد و اتفاق کی ایک فضا قائم ہو گئی۔ ہم سب لوگ ایک جگہ جمع ہوئے، آپس میں گفتگو کی اور ایک دوسرے کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔ ایسی کانفرنسوں کا انعقاد آج کے دور میں ضروری ہے کیونکہ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہی ہے کہ ہر مسلک کے علما ایک جگہ جمع ہوکر آپس میں تبادلہ خیال کرتے ہیں جس سے اتحاد و اتفاق کی فضا قائم ہوتی ہے جس کی اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
مفتی فضیل الحمٰن نے مزید کہا: اس کانفرنس میں جو مقالات پڑھے گئے وہ علمی اعتبار سے بہت اعلیٰ تھے اور علما نے اتحاد کی ضرورت پر بہت زیادہ زور دیا۔ مجھے خوشی ہوئی کہ کم سے کم ایک فکر تو پیدا ہوئی کہ ہاں بھائی ہاں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے ہمارا دین ایک ہی ہے۔ اگر چہ ہمارے مسلک الگ الگ ہیں مگر ہمارا دین ایک ہے۔ اگر ہم مسلک کو چھوڑ کر دین کے نام پراتحاد کرینگے تو اتحاد ممکن ہوسکتا ہے۔