حج اتحاد اور وحدت مسلمین کا مظہر ہے

Rate this item
(0 votes)

شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو سمجھنا چاہئے کہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں اختلاف کرنے سے ملت کمزور ہوتی ہے اور اللہ بھی ناراض ہوتا ہے۔ لہٰذا ہمیں اخلاص کے ساتھ ایک دوسرے سے مل کر اور اپنے آپ سے اختلافات کو دور کر کے امت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

نئی دہلی میں منعقد دو روزہ بین الاقوامی حج کانفرنس شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے کہا: لوگوں کو معلومات ہونی چاہئے کہ حج کا اصل مقصد کیا ہے، حج کا فائدہ کیا ہے، اللہ تعالیٰ کی مرضی کیا ہے، قرآن شریف میں اور احادیث شریف میں حج سے متعلق کیا حکم ہے۔ اس کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ لوگ حج کو جاتے تو ہیں لیکن اُس کا پورا مقصد نہیں سمجھ پاتے۔ حج کے بنیادی مقصد کو عوام تک پہنچانے کیلئے اور لوگوں کے اندر بیداری پیدا کرنے کیلئے ایسے اجتماعات اور ایسی کانفرنسیں بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ حج اتحاد اور وحدت مسلمین کا مظہر ہے اور مسلمانوں کو چاہئے حج عبادت سمجھ کر کریں نہ کہ ایک تجارتی سفر کے طور پر۔

 

ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے مزید کہا: اللہ اور اس کے رسول (ص) کی رضا کیلئے اگر ہم حج کرتے ہیں تو اس کے بہت فائدے ہیں۔ ہمیں عبادت کو عبادت سمجھ کے کرنا چاہئیے۔ حج کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہم ایک دوسرے سے ملاقات کرکے اتحاد، اخلاص اور محبت کا ثبوت دیں۔ اس مقصد کے ساتھ اگر ہم حج کریں گے تو اس کا فائدہ ہی الگ ہوگا۔

 

اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی نے کہا: ہر عبادت کے اندر چاہے وہ نماز پنجگانہ، نماز جمعہ ہو،ماہ مبارک رمضان ہو، یا حج ہو، اتحاد کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ ہمیں اس حقیقت کو سمجھنا چاہئے کہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں اختلاف کرنے سے ملت کمزور ہوتی ہے اور اللہ بھی ناراض ہوتا ہے۔ لہٰذا ہمیں اخلاص کے ساتھ ایک دوسرے سے مل کر اور اپنے آپ سے اختلافات کو دور کر کے امت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر ایک کے سکھ دُکھ میں شریک ہوکر ہی ہم کامیاب ہوسکتے ہیں۔

Read 2384 times