حج اتحاد کے بھرپورمظاہرے کا ایک بہترین موقع

Rate this item
(0 votes)

ڈائریکٹر سر سید اکیڈمی، مسلم یونیورسٹی علی گڑھ، پروفیسر محمد سعود عالم قاسمی نے کہا ہے کہ حج اتحاد کے بھرپورمظاہرے کا ایک بہترین موقع ہے۔ کعبہ میں دنیا کے ہر علاقے کے مسلمان بلا لحاظ مسلک و فرقہ ایک ساتھ جمع ہوتے ہیں اور ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ اس وقت مسلمانوں کو متحد ہونے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ آپ دیکھئےفلسطین سے لیکر افغانستان تک باطل طاقتیں کس طرح مسلمانوں پر غالب ہوگئی ہیں، اور عالم اسلام اتنا کمزور ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بھی نہیں اٹھا پا رہا ہے۔

نئی دہلی میں منعقد دو روزہ بین الاقوامی حج کانفرنس کے سائڈ لائن پر تقریب نیوز کے ایڈیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر محمد سعود عالم قاسمی نے کہا: ایران کلچرل ہاوس نے جو یہ جو انٹرنیشنل حج کانفرنس منعقد کی ہے یہ ایک بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ حج لوگوں کو عالمی سطح پر جمع کرتا ہے اور لوگ اللہ کے دربار میں پہنچتے ہیں اسی طرح یہاں پر یہ کوشش کی گئی ہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کو ایک جگہ جمع کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ وہ اس سبق کو یاد کریں جو خانہ کعبہ میں وہ دہرانے جارہے ہیں۔ مقصد یہ ہے کہ حاجی حج سے جو پیغام لیکر آئیں گے اس کو صرف اپنے گھروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس وحدت کے پیغام کو مسلمانوں تک پہنچائیں۔

ڈائریکٹر سر سید اکیڈمی نے مزید کہا: حج ایک ایسا موقع ہے کہ جب مسلمان بلا لحاظ فرقہ و مسلک، رنگ و نسل ایک جگہ جمع ہوتے ہیں، اور بغیر کسی تعصب اور بھید بھاؤ کے بھائی بھائی ہوکر ایک خدا کے حضور میں سر بسجود ہوتے ہیں، اور امت واحدہ کا عملی ثبوت دیتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر مسلمان حج کے اس پیغام کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کریں۔

اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سابق ناظم شعبہ سنی دینیات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کہا: اتحاد بین المسلمین تو اسلام کا بنیادی مقصد ہے، اورحج کا ایک اہم فریضہ بھی ہے۔ اگر ہم حج پر جانے کو بعد بھی اتحاد کے سبق کو حاصل نہ کرسکے اور اسے عملی طور پر اپنی زندگی میں نافذ نہ کر سکے تو گویا حج نے ہمارے اوپر کوئی اثر ہی نہیں کیا۔ اس وقت مسلمانوں کو اتحاد کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ فلسطین سے لیکر افغانستان تک باطل طاقتیں مسلمانوں پر غالب ہوئی ہیں اور عالم اسلام اتنا کمزور ہے کہ آواز بھی نہیں اٹھا پا رہا ہے۔ اگر مسلمانوں میں اتحاد پید اہوجائے تو مسلمانوں پر یہ ظلم ختم ہوجائے گا۔ امام خمینی (رہ) نے کہا تھا کہ اگر مسلمان ایک ایک بالٹی پانی ہر جگہ سے ڈال دے تو اسرائیل ڈوب سکتا ہے۔ کہنے کا مطلب یہ تھا کہ اگر مسلمانان جہاں اپنی قوت کا مظاہرہ کریں، اتحاد کا مظاہرہ کریں تو باطل طاقتوں کو ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ہے۔

حج کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر قاسمی نے کہا: مسلمان حج کے اندر اللہ تعالیٰ کے حکم کی بندگی اور اطاعت کرتے ہیں ۔ اللہ کا حکم ہے کہ ہم جانور ذبح کریں تو ہم جانور ذبح کرتے ہیں۔ اسی طرح اللہ کا حکم ہے کہ حرم میں ہم کسی جانور کو بھی نہیں مارسکتے تو ہم مچھر کو بھی نہیں مارتے۔ غرض اس کا کم ہوگا تو ہم لاکھوں جانوروں کو قربان کریں گے اور اس کا حکم نہیں ہوگا تو ہم ایک مچھر کو بھی نہیں مار سکتے۔ ہمیں چاہئے کہ اسی طرح ہم اپنی پوری زندگی میں اللہ کے فرمان کی اطاعت کریں۔ حج میں ہمیں وحدت، اخوت ، اجتماعیت اور روحانیت کا جو پیغام ملتا ہے اس کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

Read 2994 times