مسجد سہلہ - نجف اشرف – عراق

Rate this item
(0 votes)

 

   کوفہ کی اہم اوربا فضیلت مساجد میں سے ایک مسجد سہلہ ہے۔ یہ مسجد بہت سے انبیاء (ع) کی منزل گاہ اور عبادت گاہ ہے، جن میں حضرت ابراہیم علیہ السلام، ادریس علیہ السلام، خضرعلیہ السلام کے مقامات قابل ذکر ہیں، اور بعض ائمہ اطہار علیہم السلام کی منزل گاہ ہے، من جملہ مقام امام صادق علیہ السلام، امام سجاد علیہ السلام وغیرہ۔

   امام حسین علیہ السلام سے نقل کیا گیا ہے کہ :" مسجد سہلہ حضرت ابراہیم ( علیہ السلام) کا گھر تھا، جہاں سے وہ عمالقہ گئے ہیں اور وہاں پر ادریس کا گھر ہے، صخرہ (چٹان) حضراء ہے اور اس مسجد میں صور پھونکا جاتا ہے وغیرہ"

   سہلہ کے معنی ہموار زمین ہیں۔ مسجد سہلہ کے دوسرے نام یہ ہیں: مسجد سہیل، بنی ظفر اور عبدالقیس، مذکورہ مسجد ایک قدیمی ترین اور مشہورترین اسلامی مساجد میں سے ہے۔ یہ مسجد پہلی صدی ہجری میں عرب قبائل کے توسط سے کوفہ میں مسجد جامع کے شمال مغرب میں تعمیر کی گئی ہے۔ مسجد سہلہ نجف کی مشرق میں،یعنی قدیم شہر کوفہ میں واقع ہے۔ یہ مسجد امام علی علیہ السلام کی قبر مبارک کے شمال مشرق میں 10 کلومیٹر کے فاصلہ پر اور مسجد کوفہ کے شمال مغرب میں 2کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ روایات کے ایک مجموعہ میں مسجد سہلہ کے معنوی مقام و منزلت کا مختلف عبارتوں میں ذکر کیا گیا ہے۔

   یہ مسجد ایک غیر آباد اور بستی سے خالی زمین پر تعمیر کی گئی ہے، جس کے اطراف میں سرخ ریت ہے۔ یہ مسجد تقریباً مستطیل شکل کی ہے اور اس کی لمبائی 140 میٹر اور چوڑائی 135 میٹر ہے اور اس کی مساحت 17500 مربع میٹر ہے۔ اور اس مسجد کو احاطہ کرنے والی دیواروں کی بلندی تقریباً 22 میٹر ہے۔ اس کے چار ضلعوں کے کونوں پر باہر سے نیم دائرہ شکل کے برج بنائے گئے ہیں جو ایک دوسرے سےمساوی فاصلے پر واقع ہیں۔ مشرقی ضلع کی دیوار کے درمیان میں ایک مینار ہے جس کی بلندی 30 میٹر ہے۔ مسجد کا صدر دروازہ اس کے مشرقی ضلع کےبیچ میں، مذکورہ مینار کے نزدیک واقع ہے۔

   مسجد کے صحن کے مختلف حصوں میں کچھ محراب تعمیر کئے گئے ہیں جن کی دینی پیشواؤں کے نام پر نام گزاری کی گئی ہے، من جملہ مقام امام صادق علیہ السلام، امام سجاد علیہ السلام، امام زمانہ علیہ السلام، ابراہیم علیہ السلام، ادریس علیہ السلام، خضر علیہ السلام، یونس علیہ السلام، ہود علیہ السلام، اور مقام صالح علیہ السلام۔

   امام صادق (علیہ السلام) سے نقل کیاگیا ہے کہ:" کوئی ایسی مشکل نہیں ہے، جو اس مسجد میں دورکعت نماز بجالانے کے بعد حل نہ ہوجائے۔"

   مسجد سہیلہ کو قبیلہ بنی ظفر نے تعمیر کیا ہے۔ وہ انصار کا ایک طائفہ ہے اور امام علی علیہ السلام مسجد بنی ظفر کو مسجد کوفہ کے مانند جانتے ہیں۔

Read 5852 times