رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ سامراجی طاقتیں شرپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سارے سیاسی اور تشہیراتی ذرائع کو ایرانی قوم کے خلاف استعمال کررہی ہیں –
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسن (ع ) کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر فارسی زبان وادب کے اساتذہ اور جوان شعراء کی ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے ایٹمی مسئلے کے حوالے سے ایران پر ظلم اور ایٹمی سائنسدانوں کی شہادت کو ملک کے موجودہ مسائل اور حقائق کا واضح نمونہ قرار دیتے ہوئے فرمایا :سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی مزاحمت ذمہ دار شاعر کی نگاہ سے دور نہیں رہنی چاہیئں کیونکہ حق اور باطل کے مقابلے میں خاموش نہیں بیٹھنا چاہیئے –
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مقدس دفاع اور دشمن کی جارحیت پر بعض نام نہاد قوم پرستوں کی خاموشی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایسے ہی افراد ہیں جو بیہودگی ، سستی اور مذہب واخلاق اورملک وانقلاب کے بنیادی مسائل میں غیرذمہ داری کو فروغ دینے کے در پے ہیں حالانکہ وہ اغیاراور دشمنوں سے دوستی اور تعلق پر خاموش ہیں –
حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مشورہ دیا کہ وہ لوگ جو حق اور معنویت کے محاذ میں ہنر کو اپنے اسلحہ کے طور پر استعمال کررہے ہیں ہمیشہ اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے حق کے راستے میں استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کریں –
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ آج ایران کی شاعری پوری دقت اور تیزی سے صحیح سمت کی طرف رواں دواں ہے مزید فرمایا کہ اس رویے کو جاری رکھنے کی صورت میں ایران ایک بار پھر عالمی اور بالخصوص علاقائی تہذیب وثقافت کو بیش بہا تحفہ دے گا -