ماہرین کونسل کے سربراہ آیت اللہ محمد رضا مھدوی کنی نے تہران میں ناوابستہ تحریک کے سولہویں سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کو ایران کو الگ تھلگ کرنے پر مبنی یورپ اور امریکہ کی سازشوں کی ناکامی کی علامت قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد رضا مہدوی کنی نے آج ماہرین کونسل کے بارہویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں تہران میں ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں اس تحریک کے رکن ممالک کے سربراہوں اور اعلی عہدیداروں کی بھر پور شرکت سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران تنہا نہیں ہے۔
آیت اللہ مہدوی کنی نے مزید کہا کہ دشمنوں کو تہران میں بلائے جانے والے غیر وابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کوتسلیم کرلینا چاہۓ کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے اور تہران اجلاس دنیا میں ایران کا وقار بلند ہونے کا باعث بنا ہے۔
آیت اللہ مہدوی کنی نے یورپ کی ایران مخالف یکطرفہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور انقلاب کو ہمیشہ مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن اسلامی جمہوری نظام نے جہاد اور کوشش کے ساتھ ان پر ہمیشہ غلبہ پایا ہے۔