پاکستان نے ايک بار پھر انٹرپول سے سابق صدر پرويز مشرف کي گرفتاري کا مطالبہ کيا ہے -
پاکستاني ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کي انٹيليجنس ايجنسي ايف آئي اے نے انٹر پول کے نام ايک خط ارسال کرکے مطالبہ کيا ہے کہ سابق صدر پرويز مشرف کو گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کيا جائے - ايف آئي اے نے اس خط ميں لکھا ہے کہ سابق صدر پرويز مشرف سابق وزير اعظم بے نظير بھٹو کے قتل کے مقدمے ميں مطلوب ہيں اور کئي بار عدالتي سمن جاري ہونے کے باوجود وہ عدالت ميں پيش نہيں ہوئے ہيں جس کے بعد عدالت انہيں مفرور قرار دے چکي ہے -
حکومت پاکستان اس سے پہلے بھي انٹر پول سے سابق صدر پرويز مشرف کي گرفتاري کي درخواست کرچکي ہے جس کے جواب ميں انٹر پول نے کہا تھا کہ پرويز مشرف ايک سياسي شخصيت ہيں اس لئے انہيں گرفتار نہيں کيا جاسکتا -
پاکستان کي انٹيليجنس ايجنسي ايف آئي اے نے انٹرپول کے اس جواب پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کيا ہے کہ پرويز مشرف کو پاکستان کے حوالے کياجائے تاکہ سابق وزير اعظم بے نظير بھٹو کے قتل کي سازش کے کيس ميں ان پر مقدمہ چلايا جاسکے