عرب ملکوں کے سفيروں سے عراقي وزير اعظم کا خطاب

Rate this item
(0 votes)

عراق کے وزير اعظم نوري المالکي نے کہا ہے کہ بيروني طاقتوں کو يہ حق حاصل نہيں ہے کہ عرب اقوام کي جمہوريت اور آزادي کے بارے ميں فيصلہ کريں -

بغداد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے وزير اعظم نوري المالکي نے عرب ملکوں کے سفيروں سے ملاقات ميں کہا ہے کہ حکومت عراق آزادي اور جمہوريت کو عرب اقوام کا بنيادي حق سمجھتي ہے اور ان کي تحريکوں کي حمايت کرتي ہے - انہوں نے اسي کے ساتھ کہا کہ آزادي اور جمہوريت کي تحريکوں کے حوالے سے بيروني طاقتوں کو يہ حق نہيں ہے کہ وہ عرب اقوام کي جگہ فيصلے کريں اور ان پر اپنے فيصلے مسلط کريں - عراق کے وزير اعظم نے شام کے خلاف ہر قسم کي فوجي مداخلت کي مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شام کا مسئلہ کيسے حل ہونا ہے اور وہاں کس قسم کي تبديلي آني ہے ، اس کا فيصلہ کرنے کا حق صرف شام کے عوام کو ہے-

انہوں نے دنيا کےمختلف ملکوں ميں انتہا پسندي بڑھنے کي جانب سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عرب ملکوں کو دہشتگردي اور انتہا پسندي کے مقابلے کے لئے متحدہ موقف اختيار کرنا چاہئے –

عراق کے وزير اعظم نے تمام شعبوں بالخصوص اقتصادي اور سياسي شعبوں ميں عرب ملکوں کے ساتھ تعاون کے لئے عراق کي آمادگي کا اعلان کيا اور کہا کہ عراق قومي کاوشوں اور اتحاد کے ذريعے سيکورٹي سے متعلق دشوار مراحل سے نکل چکا ہے

Read 1504 times