پاکستان کی جانب سے ایران کے جائز ایٹمی حقوق پر تاکید

Rate this item
(0 votes)

پاکستان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اس کے جائز ایٹمی حقوق ملنے چاہئيں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندے مسعود خان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کواس کے جائز ایٹمی حقوق ملنے چاہئيں اور اس کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی سے استفادے کا حق حاصل ہونا چاہئے۔

مسعود خان نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے الماتی میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ سعید جلیلی کے اس بیان کے بارے میں کہ ایران کے ایٹمی حق پر مغرب کے اعتراف سے مذاکرات کی پیش رفت میں مدد مل سکتی ہے کہا کہ پاکستان کا یہ موقف ہے کہ این پی ٹی معاہدے کا رکن ہونے کی حیثیت سے ایران کو اس کے جائز ایٹمی حقوق حاصل ہونے چاہئيں اور اس کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی سے استفادے کا حق حاصل ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا تاکید کی ہے کہ این پی ٹی معاہدے کی بنیاد پر وہ پرامن استفادے پر مبنی اپنے مسلمہ ایٹمی حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔سعید جلیلی نے بھی کل شام الماتی میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس میں یورینیم کی افزودگي سمیت ایران کے مسلمہ حقوق پر تاکید کی۔

واضح رہے کہ قزاقستان کے شہر الماتی میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جمعہ کے روز مذاکرات شروع ہوئے تھے جو کل اختتام پذیر ہوگئے۔دو دن میں مذاکرات کے چار دور ہوئے۔ان مذاکرات میں ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سعید جلیلی نے ایرانی وفد کی قیادت کی جبکہ گروپ پانچ جمع ایک کے وفد کی قیادت یورپی یونین کے شعبۂ خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹون نے کی۔

Read 1395 times