علامہ ساجد نقوی :
ملک سے فتنہ پروروں کا قلع قمع کرنا ہم سب کی اخلاقی و شرعی ذمہ داری ہے
انجمن امامیہ بلتستان کے زیراہتمام "اتحاد ملت کانفرنس" کا انعقاد ہوا، جس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور دیگر لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک عزیز میں دہشت گردی کرنے والے لوگ نہ سنی ہیں اور نہ ہی شیعہ اور نہ ان کا کوئی دین و ایمان ہے، یہ لوگ کرائے کے قاتل ہیں۔ اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صدر سے لے کر وزیراعظم اور جنرل کیانی تک یہ بات پہنچا دی ہے کہ ملک عزیز کے خلاف سازش ہو رہی ہے، اس کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ علامہ سید ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ملک عزیز میں فتنہ پیدا کرنے والوں کا قلعہ قمع کرنا ہم سب کی شرعی اور ملی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو مل کر دہشتگردی کے خلاف یکجا ہوکر حکمت عملی پر کام کرنا ہوگا، ملک میں شیعہ کشی ہو رہی ہے جسے ہم کسی بھی صورت میں برداشت نہیں گریں گے۔ اس موقع پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے اور معاشرے کو سدھارنے میں خواص کا اہم کردار ہے، خواص علماء ہیں جو معاشرے کو تہہ و بالا کرسکتے ہیں، اگر خواص صحیح ہوں تو پورا معاشرہ صحیح ہوجائے گا اور اگر خواص خراب ہوں گے تو پورا معاشرہ امن و امان سے خالی نظر آئے گا۔