وفاقی وزیر داخلہ کراچی میں دہشتگردوں کی عدم گرفتاری کا نوٹس لیں، ثروت اعجاز قادری

Rate this item
(0 votes)

وفاقی وزیر داخلہ کراچی میں دہشتگردوں کی عدم گرفتاری کا نوٹس لیں، ثروت اعجاز قادری

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ موت کے سوداگر آزادی کے ساتھ دہشتگردی کر رہے ہیں، بے گناہ افراد کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ٹارگٹ کلرز کی عدم گرفتاری کی وجہ سے کراچی مقتل گاہ بنا ہوا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس ہیں، وفاقی وزیر داخلہ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردوں کی عدم گرفتاری کا نوٹس لیں، پورا ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، دہشتگردوں کو اب بھی لگام نہ دی گئی تو ملک کو اندرونی و بیرونی طور پر خطرات ہوسکتے ہیں، پوری قوم دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنا چاہتی ہے، اب حکومت دہشتگردی کے خلاف نہ صرف اپنی پالیسی وضع کرے بلکہ دہشتگردوں کا صفایا کرنے کیلئے عملی طور پر اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان علماء و عوام اہلسنت کی طویل جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا، ہمارے اکابرین نے پاکستان کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دئیے اور آج ہم انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، حکومت دہشتگرد اور محب وطن میں فرق محسوس کرے اور دہشتگردوں کے مکروہ چہروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گذشتہ 15 سالوں سے دہشتگردی سے نمٹنے اور دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام امن، محبت، بھائی چارگی کے پیغام کو فروغ دیں، دہشتگردی کے خلاف نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ عوام میں شعور اجاگر کریں، پاکستان سنی تحریک حکومت کی مثبت پالیسیوں کو سراہے گی، حکومت ملک و قوم کے مفادات کو عزیز رکھتے ہوئے دہشتگردوں کے گرد قانون کے شکنجے کو سخت کرے۔

Read 1331 times