اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ترکمنستان کے دارالحکومت عشق آباد میں ترکمنستان کے صدر قربان قلی بردی محمد اف سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں ان تعلقات میں توسیع لانے کی راہوں کا جائزہ لیا۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر لاریجانی نے صدر قربان قلی بردی محمد اف سے کہا کہ ایران ترکمنستان کے ساتھ خاص طور سے بنیادی تنصیبات کی تعمیر جیسے سڑکوں، ریفائنریوں اور بجلی گھروں کی تعمیر نیز دیگر بڑے منصوبوں میں تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔ ڈاکٹر لاریجانی نے علاقے میں امن و سکیورٹی کی برقراری کے بارے میں ایران و ترکمنستان کے مشترکہ مواقف کی طرف اشارہ کرتےہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے تعاون میں مزید فروغ آتا رہے گا، اس ملاقات میں ترکمنستان کے صدر قربان قلی بردی محمد اف نے کہا کہ ان کاملک اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئےکار لاتے ہوئے ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع لانے کی کوشش کرے گا۔ اس ملاقات میں یہ اتفاق کیا گیا کہ ایران اور ترکمنستان کا مشترکہ اقتصادی کمیشن باہمی تعاون بالخصوص تیل اور گيس کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے منصوبہ بندی کرے گا۔