اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ بحریہ مستقل طرح سے تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کےلئے قزاقوں سے مقابلہ کرے گي۔ ایڈمیرل حبیب اللہ سیّاری نے آج ارنا سے گفتگو میں سمندری ڈاکوؤں سے مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی بحریہ کی توانائيوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ہفتے ہی بحری ڈاکوؤں کےساتھ ہمارے جوانوں کی جھڑپیں ہوئي ہیں جن میں ہماری بحریہ کے جوانوں نے قزاقوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ ہماری بحریہ مستقل طور پر بحری ڈاکوؤں کے خلاف کاروائياں کرتی رہے گي اور ہم نے اس میدان میں بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک بین الاقوامی سمندروں میں نیٹو کی کمان میں کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندری ڈاکوؤں سے زیادہ تر جھڑپیں باب المندب اور صومالیہ کے سواحل میں ہوتی ہیں۔ اور ہمارے جوان اس میدان میں بھی سربلند ہیں۔